لاہور (خبرنگار) پنجاب بھر میں نہم جماعت کے امتحانات کے نتائج کے اعداد و شمار نے تشویش کی نئی لہر پیدا کردی، صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز میں امتحان دینے والے 13 لاکھ 95 ہزار 475 طلبہ میں سے 7 لاکھ 53 ہزار 813 طلبہ فیل ہوگئے۔دستیاب اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کے مختلف تعلیمی بورڈز میں فیل ہونے والے طلبہ کی تعداد مجموعی طور پر نصف سے بھی زیادہ بنتی ہے جبکہ کامیاب ہونے والے طلبہ کی تعداد اسکے مقابلے میں نمایاں طور پر کم رہی۔لاہور بورڈ میں 2 لاکھ 80 ہزار 676 طلبہ نے نہم جماعت کے امتحانات دئیے جن میں سے ایک لاکھ 50 ہزار 133 طلبہ فیل ہوئے۔ فیل ہونے والے طلبہ کی تعداد کے اعتبار سے لاہور بورڈ پہلے نمبر پر رہا۔گوجرانوالہ بورڈ میں 2 لاکھ 49 ہزار 252 طلبہ امتحان میں شریک ہوئے جن میں سے ایک لاکھ 33 ہزار 286 طلبہ کامیاب نہ ہوسکے۔فیصل آباد بورڈ میں ایک لاکھ 96 ہزار 656 طلبہ نے امتحان دیا جبکہ 95 ہزار 948 طلبہ فیل ہوئے۔راولپنڈی بورڈ میں ایک لاکھ 21 ہزار 739 طلبہ امتحان میں شریک ہوئے جن میں سے 76 ہزار 15 طلبہ فیل ہوئے۔ملتان بورڈ میں ایک لاکھ 40 ہزار 675 طلبہ نے نہم کے پیپرز دئیے جبکہ 67 ہزار 374 طلبہ فیل ہوئے۔اسی طرح بہاولپور بورڈ میں ایک لاکھ 5 ہزار 601 میں سے 64 ہزار 990، سرگودھا بورڈ میں ایک لاکھ 7 ہزار 782 میں سے 61 ہزار 857 اور ڈی جی خان بورڈ میں ایک لاکھ 6 ہزار 1میں سے 54 ہزار 920 طلبہ فیل ہوئے۔ساہیوال بورڈ میں 87 ہزار 93 طلبہ نے امتحان دیا جن میں سے 49 ہزار 290 طلبہ فیل ہوئے۔اعداد و شمار کے مطابق فیل ہونے والے طلبہ کی سب سے زیادہ تعداد لاہور بورڈ میں رہی، اس کے بعد گوجرانوالہ اور فیصل آباد بورڈز کا نمبر آتا ہے۔نہم جماعت میں طلبہ کی بڑی تعداد کے فیل ہونے کے اعداد و شمار نے تعلیمی معیار، امتحانی نظام اور طلبہ کی تعلیمی تیاری کے حوالے سے بھی اہم سوالات اٹھا دئیے ہیں۔ ماہر تعلیم رضا الرحمن نے نتائج پر کہا ہے کہ ہماراتعلیمی نصاب ، امتحانی طریق کار اور پیپرز کی چیکنگ تجربہ گاہ بنے ہوئے ہیں ایسا نظام رائج ہے جس میں نمبروں کی دوڑ لگی ہوئی ہے ،رٹہ سسٹم نے نظام تعلیم کا بیڑہ غرق کر دیا ہے ، اب وقت آ گیا ہے کہ حکومت حقیقی ماہرین تعلیم کے ساتھ بیٹھے اور نظام تعلیم کو از سر نو بنیاد پر کھڑا کیا جائے ۔
پنجاب ، نہم نتائج کے اعداد و شمار سے تشویش کی لہر ، 7 لاکھ 53 ہزار 813 طلبہ فیل


















