شمالی وزیرستان ،مساجد میں چھپایا گیا بارودی مواد برآمد،دہشتگردوں کے 2 ٹھکانے ختم

راولپنڈی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن ،مساجد میں چھپایا گیا بارودی مواد ،اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میر علی کے جنوبی اطراف میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے 2 ٹھکانے ختم کردئیے،آپریشن 8 نومبر کو گاوں موزک میں کیا گیا، سکیورٹی فورسز نے مساجد میں قائم کیے گئے دہشتگردوں کے زیر استعمال 2 ٹھکانوں کو کلیئر کیا ،بڑی تعداد میں تیار شدہ دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (آئی ای ڈیز)، دھماکہ خیز مواد تیار کرنے کا سامان، اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا دہشتگرد دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کرنے کےلئے جان بوجھ کر مساجد کو ٹھکانوں کے طور پر استعمال کرتے،مقامات پر تشدد کے مراکز بھی قائم کررکھے تھے،بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کی جانب سے عبادت گاہوں کی بے حرمتی اسلام کی بنیادی تعلیمات سے مکمل لاتعلقی کا ایک اور واضح ثبوت ہے،افغان طالبان کی مدد سے سرگرم خوارج دہشتگردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ،مذہب کی گمراہ کن تشریح اور اپنے مقاصد کےلئے استعمال کرنے کے عمل کو خیبر پختونخوا ،پاکستانی عوام مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا بھارتی سرپرستی میں قائم دہشتگردوں کے مزید ٹھکانوں کا سراغ لگانے اور ختم کرنے کےلئے پاک فوج کے بہادر جوانوں کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے،وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور شدہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ویژن عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، مقصد ملک سے بیرونی سرپرستی اور معاونت سے ہونےوالی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہے۔

دریں اثنا صدر،وزیراعظم ودیگر نے سکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی،پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا دہشتگردوں کی جانب سے مساجد کو دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کرنے ،تشدد کے مراکز کے طور پر استعمال کرنا اسلام ،مقدس مقامات کی بے حرمتی ہے، دہشتگردی کے مکمل خاتمے کےلئے کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا مساجد کا دہشتگردی کےلئے استعمال ناقابل قبول،امن کے قیام کےلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے گی، صوبے میں مکمل امن و امان کے قیام کےلئے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔