اسلام آباد:(بیورورپورٹ) وزیر اعظم شہبازشریف نے ٹیکس چوری میں ملوث افراد ، کارباروں کیخلاف قانونی کارروائی کاحکم دیتے ہوئے کہاہے مختلف شعبوں میں ٹیکس کی استعداد کے تخمینے کیلئے جامع و سائنٹیفک طریقہ کار وضع ،ٹیکسٹائل، مشروبات، سٹیل، پولٹری، خوردنی تیل ، گھی، ٹائرز کے شعبوں میں پیداوار کی ڈیجیٹل نگرانی کا نظام دسمبرتک فعال بنایا جائے،ایف بی آر میں تقرریاں ، تبادلے صرف میرٹ کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاتاریخ میں پہلی مرتبہ چینی کے پیداواری شعبے اور ایف بی آر کے اعداد و شمار میں ہم آہنگی واضح ثبوت ایف بی آر کی جانب سے نصب شدہ ٹریکنگ نظام فعال و بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے،چیئرمین ایف بی آر ،ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ،ٹیکس نظام میں رہتے ہوئے تمام تر ضابطوں کی پابندی اور ٹیکس جمع کرانے والے افراد و کاروبار ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ و لائق تحسین ہیں، چیئرمین ایف بی آر اور سینئر افسر ہر ماہ کے پہلے ہفتے کراچی میں موجود ہوں تاکہ کاروباری برادری کے مسائل بروقت سنے و حل کیے جا سکیں۔
ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم شہبازشریف نے ہدایت کی وفاقی حکومت کے زیر انتظام نئے قائم کردہ قومی سطح کے مرکزی ڈیٹا سینٹر sky 47 کی سہولیات تمام وفاقی اداروں کو میسر کرنے کےلئے فوری طور پر موثر اقدامات اٹھائے جائیں،پبلک سیکٹر میں قومی سطح پر مربوط ڈیٹا سینٹر ہی تمام اداروں کے ڈیٹا کو مرکوز جگہ فراہم کرے گا اور مختلف اداروں کے علیحدہ علیحدہ ڈیٹا سینٹرز کے قیام کو روکنے سے قومی وسائل کی بچت ہوگی۔
دریں اثناچیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہانوجوانوں کےلئے بہترین تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کا انتظام ترجیح ، نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں ،کاروباری صلاحیتوں سے آراستہ کرنا ضروری ہے،روزگار کیلئے جامع حکمت عملی پر کام کیا جائے۔
ٹیکس چوری میں ملوث افراد ، کارباروں کیخلاف قانونی کارروائی کاحکم



















