نوجوان افسر عاجزی، عزم ،احساس ذمہ داری کےساتھ پاکستان کی خدمت کریں ،عطا تارڑ

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)54ویں کامن ٹریننگ پروگرام (سی ٹی پی)کے 217زیر تربیت افسروں نے وزارت اطلاعات و نشریات کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کیا ۔

وزیر اطلاعات عطا تارڑ سے ملاقات کی، وفد میں وفاقی حکومت کے 12مختلف پیشہ ورانہ گروپس،سروسز سے تعلق رکھنے والے 217پروبیشنرز شامل تھے، وزیر اطلاعات نے زیر تربیت افسروں سے بدلتے میڈیا منظر نامے پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا سرکاری افسروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں ،موثر عوامی خدمت کےلئے کامن ٹریننگ پروگرام اہم کردار ادا کر رہا ہے،موثر حکومتی ابلاغ شفافیت کے فروغ، عوام کو درست معلومات کی فراہمی ،ریاستی اداروں پر عوام کے اعتماد کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا موجودہ ڈیجیٹل دور میں غلط معلومات ،گمراہ کن مواد کا موثر تدارک ناگزیر ،مقصد کےلئے پیشہ ورانہ، بروقت ،ذمہ دارانہ ابلاغی حکمت عملی اختیار کرنا ضروری ہے،نوجوان افسر عاجزی، عزم ،احساس ذمہ داری کےساتھ پاکستان کی خدمت کریں اور سرکاری ذمہ داریاں دیانت داری، پیشہ ورانہ مہارت ،قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے انجام دیں۔