نیوجرسی (مشرق نیوز) فیفا ورلڈ کپ کا سنسنی خیز فائنل آج نصف شب نیو جرسی میں ارجنٹائن اور سپین کے درمیان کھیلاجائیگا، ارجنٹائن کے لیونل میسی اور سپین کے لامین یمال شائقین کی خصوصی توجہ کا مرکز ہوں گے۔ پاکستانی وقت کے مطابق فائنل مقابلہ رات 12 بجے شروع ہوگا جو سرکاری اسپورٹس ٹی وی پر براہ راست دکھایا جائے گا، اسکے علاوہ کراچی سمیت مختلف شہروں میں شائقین کی جانب سے بڑی اسکرینوں پر بھی میچ دیکھنے کا اہتمام کیا جائیگا۔
نیویارک کے نیو جرسی سٹیڈیم میں فائنل سے قبل ایک شاندار تقریب منعقد ہوگی جس میں ثقافتی پرفارمنسز ہوں گی۔ پری میچ تقریب کے مرکزی فنکار امریکی گلوکار اور ریپر پوسٹ میلون ہوں گے جبکہ ای جی او ٹی ایوارڈ یافتہ گلوکارہ جینیفر ہڈسن قومی ترانہ پیش کریں گی۔
ہاف ٹائم شو میں عالمی شہرت یافتہ پاپ اسٹار جسٹن بیبر، میڈونا، شکیرا، جنوبی کوریا کا مقبول بینڈ بی ٹی ایس، نائیجرین گلوکار برنا بوائے اور وینزویلا کے معروف آرکسٹرا کنڈکٹر گستاوو دودامل اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔
فیفا نے اعلان کیا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فاتح کو پہلی بار روایتی ٹرافی اور طلائی تمغوں کے ساتھ خصوصی چیمپئن شپ رنگز بھی دی جائیں گی۔ یہ کسی بھی فیفا ٹورنامنٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوگا کہ فاتح ٹیم کو اس نوعیت کا اعزاز دیا جائیگا۔
فائنل سے قبل نیویارک میں ہوٹل کے کرائے آسمان سے باتیں کرنے لگے، شائقین سے معمول کے 150 ڈالر سے 500 ڈالر فی رات والے ہوٹل کمرے کا کرایہ 1500 سے 4500 ڈالر (12 لاکھ 60 ہزار روپے ) فی رات وصول کیا جارہا ہے۔
فیفا ورلڈ کپ کا سنسنی خیز فائنل آج، ارجنٹائن اور سپین آمنے سامنے



















