والدین بچوں کو پتنگ بازی کے خونی کھیل سے دور رکھیں: آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب عبدالکریم سے پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے مسائل سنے اور فوری ریلیف کیلئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلق دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کئے۔ دوسری طرف پنجاب پولیس کی جانب سے اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں پتنگ بازی کے خلاف موثر کریک ڈاون کے دوران ہزاروں افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر اب تک 9565 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ 9219 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ کارروائیوں کے دوران صوبہ بھر سے 4 لاکھ 66 ہزار 986 پتنگیں اور 14 ہزار 574 ڈور چرخیاں برآمد کی گئی ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں کریک ڈاو¿ن کے دوران 4395 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 4233 مقدمات درج کئے گئے۔ اس دوران 1 لاکھ 18 ہزار 931 پتنگیں اور 4616 ڈور چرخیاں بھی برآمد ہوئیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں کسی بھی جگہ پتنگ بازی ہرگز قابل برداشت نہیں اور اس کیخلاف بلا امتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ دھاتی ڈور اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں اور انکی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ کسی بھی مقام پر پتنگ بازی کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 15 پر دیکر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔