عام شہریوں کو تیزاب کی فروخت پر پابندی لگائی جائے،سپریم کورٹ


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)تیزاب گردی کے مجرم عبدالمنان کی کم عمری کی بنیاد پر نرمی کی اپیل مسترد ،سپر یم کورٹ نے عمر قید کی سزا برقرار رکھنے کا فیصلہ دےدیا۔

سپریم کورٹ نے تاریخی فیصلہ دیتے ہوئے کہاہائی کورٹس تیزاب گردی کے کیسز کا ٹرائل ہر صورت 4 ماہ میں مکمل کریں عام شہریوں کو تیزاب کی کھلی فروخت پر مکمل پابندی لگائی جائے، حکومت تیزاب کے متاثرین کےلئے قومی بحالی فنڈ قائم کرے،13صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس ہاشم خان کاکڑ نے تحریر کیا۔

سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا وحشیانہ اور پہلے سے منصوبہ بندی کیے گئے جرم میں کم عمری کی ڈھال استعمال نہیں ہوسکتی، تیزاب کا حملہ قتل سے بھی زیادہ ہولناک جرم ، قتل انسان کو ایک بار ختم کرتا ، تیزاب کا شکار شخص روز مرتا اور زندہ لاش بن جاتا ہے، مجرم عبد المنان متاثرہ لڑکی کو 10 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرے۔