اسلام آباد،راولپنڈی: (بیورورپورٹ)ملک بھر کے سیاسی و سماجی حلقوں نے فضل الرحمن کے بیان کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے فوری معافی مانگنے کامطالبہ کردیا۔
وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے کہا شہداپوری قوم کا فخر ،قومی غیرت کی علامت ہیں، وطن پر جان قربان کرنے والوں کی عظیم قربانیوں کو کسی دنیاوی پیمانے سے نہیں تولا جا سکتا ۔
احسن اقبال نے کہا فضل الرحمن کے الفاظ نے کروڑوں پاکستانیوں کے دل دکھائے ، فوجی جوان تنخواہ نہیں ،وطن، قوم اور اپنے حلف کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرتے ہیں،شہادت کے عظیم رتبے کو مالی معاوضے سے جوڑنا انصاف ہے نہ اخلاقی اقدار۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا شہید ،غازی کا کوئی مقابلہ نہیں،ملکی سالمیت سب سے مقدم ہے، معلوم نہیں فضل الرحمن کو کس بات کا غصہ آیا،ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔
عون چودھری نے کہا فضل الرحمن کا بیان شہدا،اہل خانہ کی کھلی توہین ہے، شہادت تنخواہ نہیں ،حب الوطنی، ایمان اور جذبہ قربانی سے ملتی ہے، مولانا قوم ،شہدا کے اہل خانہ سے معافی مانگیں۔
بیرسٹر عقیل ملک نے کہامنفی بیانات شہدا کے اہل خانہ ،ہر محب وطن پاکستانی کے جذبات کو مجروح کرتے ہیں، فضل الرحمن فوری طور پر اپنا بیان واپس لیں اور پوری قوم سے معذرت کریں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہاذ را ہوش سنبھال کر بات کریں، فوج ماتھے کا جھومر ہے،وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا فوجی جوان روز جانوں کے نذرانے دے کر اپنے ماں باپ ،ملک کو سرخرو کر رہے ہیں، شہدا کی قربانیوں کو پیسوں میں تولنا انتہائی تکلیف دہ عمل ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے کہاعالم اسلام ،اقوام عالم میں پاکستان کی قدر و قیمت اور وقار افواج پاکستان کے طفیل ہے، ملکی سرحدوں کی حفاظت کےلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا بیرسٹر گوہر نے کہاسیاسی لیڈروں کو شہدا کو سیاست میں نہیں گھسیٹنا چاہیے،شہدا قوم کے ہیرو ،خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، تنخواہ تو کیا دنیا کے سارے خزانے شہدا کی قربانیوں کا نعم البدل نہیں، اپنے جوانوں کی قربانیوں کے معترف ہیں ،خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔
شہدا پوری قوم کافخر،فضل الرحمن کا بیان توہین ،فوری معافی مانگیں،سیاسی رہنما


















