تمام فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں، خطے میں کشیدگی خطرناک ہے: پاکستان

اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان نے خطے میں کشیدگی میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ اور کشیدگی میں کمی کیلئے فوری اقدامات کریں۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے کے تمام برادر ممالک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام فریقین تحمل کا مظاہرہ اور کشیدگی میں کمی کیلئے فوری اقدامات کریں۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ فریقین اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت اپنے وعدوں کی پاسداری کریں۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان مذاکرات، سفارتکاری کے ذریعے خطے میں دیرپا امن واستحکام کیلئے ہرممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔

واضح رہے کہ امریکی فوج نے ایران پر مزید حملے شروع کردئیے ہیں۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی افواج نے ایران کے خلاف مزید حملوں کا آغاز کر دیا ہے۔ سینٹ کام کے مطابق ان حملوں کا مقصد آبنائے ہرمز سے گزرنے والے شہری بحری جہازوں اور تجارتی جہازوں پر حملے کرنے کی ایران کی صلاحیت کو مزید کمزور کرنا ہے۔