مظفر آباد (مشرق نیوز) آزاد جموں و کشمیر کی سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی عبوری رجسٹریشن کرنے کا ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا۔ آزاد جموں و کشمیر کے چیف جسٹس سعید اکرم راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کی درخواست پر فل بنچ تشکیل دیدیا گیا، سماعت 2 جولائی کو ہوگی۔
سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے موقف اختیار کیا کہ ہائیکورٹ نے درخواست میں استدعا سے بڑھ کر ریلیف فراہم کیا، اسلئے اس فیصلے کو کالعدم قرار دیا جانا چاہئے۔ واضح رہے کہ آزاد کشمیر ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کو رجسٹر کرنے کا حکم دیا تھا تاہم الیکشن کمیشن نے اس فیصلے کو سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر میں چیلنج کر دیا تھا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کئے جانے کے بعد فی الحال پی ٹی آئی کو انتخابی نشان ’بلا‘ حاصل نہیں ہوگا۔
آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات 27 جولائی 2026 کو ہوں گے، آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول جاری کر دیا ہے، کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے، جانچ پڑتال، اپیلوں اور کاغذات واپس لینے کی تاریخیں بھی مقرر کر دی گئی ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر میں پی ٹی آئی کی عبوری رجسٹریشن کا فیصلہ معطل


















