افواج پاکستان اور پیپلز لبریشن آرمی حقیقی شراکت دارہیں: فیلڈ مارشل

راولپنڈی (مشرق نیوزض چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پیپلز لبریشن آرمی حقیقی شراکت دار ہیں، دونوں ملکوں کی دوستی بدلتے علاقائی و عالمی حالات کے باوجود ہمیشہ مضبوط رہی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق عوامی جمہوریہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 99ویں سالگرہ کی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ہوئی۔

اس خصوصی تقریب میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زائی ژونگ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور پیپلز لبریشن آرمی کو اس کے قیام کی 99ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی، انہوں نے چین کے دفاع، قومی ترقی اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں پی ایل اے کی نمایاں خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات کی مضبوطی پر روشنی ڈالتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی منفرد، آزمودہ اور وقت کی کسوٹی پر پوری اترنے والی ہے، جو بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی حالات کے باوجود ہمیشہ مضبوط رہی ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پیپلز لبریشن آرمی حقیقی شراکت دار ہیں، جن کا رشتہ باہمی اعتماد، غیر متزلزل تعاون اور خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ سٹریٹجک مفادات کے تحفظ کے عزم پر قائم ہے۔