حکومتی الٹی گنتی ،عوامی حاکمیت تسلیم کرنے تک نظام نہیں چل سکتا،بلاول

باغ:(مشرق نیوز)چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے نظام ناکام نہیں ناکام کرایاگیا ،عوام کی حاکمیت تسلیم کرنے تک نظام نہیں چل سکتا،جب تک مانیں گے نہیں طاقت کا سرچشمہ عوام ہے نظام ایسے ہی چلتا رہےگا۔

باغ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہانئے صوبے بنانا اگر عوام کا فیصلہ ہے تو پیپلزپارٹی ساتھ دے گی ورنہ نہیں،اسلام آباد میں حکومت خطرے میں ہے، الٹی گنتی شروع ہوچکی،ن لیگ کی لڑائی پیپلزپارٹی سے نہیں، اصل لڑائی کچھ اور ہے، وزیراعظم کے ارد گرد لوگوں کی نیت صاف نہیں ، ن لیگ کا خاص حصہ وزیراعظم کو اپوزیشن نہیں اتحادیوں سے لڑانا چاہتا ہے، اصل لڑائی تو اسلام آباد اور لاہور کی ہورہی ہے خاندان کا اپنا مسئلہ ہے۔

چیئرمین پی پی نے کہاپیپلزپارٹی کے امیدوار اور آزاد کشمیر کے صدر پر حملے کوئی اتحادی نہیں کرتا، دھاندلی زدہ اور خونی الیکشن قبول نہیں،ن لیگ کی غلط فہمی ہے مظفر آباد میں حکومت بنالیں گے، سچ کمیشن بنانے کو تیار ہیں نہ شفاف الیکشن کرانے کو ، سسٹم اگر ناکام ہوچکا تو بڑی مثال آزاد کشمیر ہے،تمام مسائل کا حل بات چیت سے نکالا جاسکتا ہے، آزادکشمیر اسمبلی نے بھی سچائی اور مفاہمتی کمیشن کے قیام کی قرارداد منظور کی، کمیشن کے قیام تک احتجاج کرنے والے احتجاج اور کارروائی کرنے والے کارروائیاں بند کریں، مجھے تو اپوزیشن کرنے کاشوق ہے، اگر میں اپوزیشن میں ہوتا تو لگ پتہ جاتا۔

بلاول بھٹو نے کہاآزاد کشمیر میں مرحلہ وار الیکشن دھاندلی کیلئے کرائے گئے،عوام انتخابی عمل کی شفافیت پر سوال اٹھا رہے ہیں،شیر صرف طاقت اور اقتدار کا بھوکا ہے،10 اگست کو ووٹ کا تحفظ کرنا ہوگا، ناانصافی اور ظلم کیا گیا تو خود کارکنوں کےساتھ بیٹھ کر احتجاج کریں گے۔