لاہور(قمر عباس نقوی )سیکرٹری اوقاف پنجاب بے بس، زیڈ اے ڈی جی خان کا منیجر سرکل مظفر گڑھ کی کارکردگی پر عدم اعتماد کے باوجود کارروائی کرنے سے گریزاں، اہل اور تجربہ کار منیجر کی استدعا بھی نظر انداز، 2ماہ گزرنے کے بعد بھی نا اہل منیجر سیٹ پر تعینات کر رکھا ہے۔ محکمہ اوقاف پنجاب میں حکومتی ویژن میرٹ پر تعیناتی کے برعکس منصوبہ بندی اختیار کر رکھی ہے۔ سیکرٹری اوقاف پنجاب کا سفارشی کلچر اور افسران کی آفیشل رٹ کو برقرار رکھنے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ اس حوالے سے زیڈ اے ڈی جی خان کی جانب سے اپریل 2026میں سیکرٹری کو مراسلہ لکھا گیا جس میں سرکل مظفر گڑھ منیجر کریم نواز بھٹہ کی کارکردگی پر رپورٹ تحریر کی گئی جس میں ان کی جانب سے بتایا گیا کہ متعلقہ منیجر کا فیلڈ میں کام کا کوئی تجربہ نہیں اور غیر ذمہ دار ہے اس کو حساس سرکل میں تعینات کیا گیا جو کہ تین اضلاع پر مشتمل ہے جس میں مظفر گڑھ ،کوٹ ادو اور لیہ شامل ہیں جس سے سرکل کے معاملات چالانے میں مکمل ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ اس رپورٹ میں زیڈ اے کی جانب سے کارکردگی رپورٹ میں لکھا گیا کہ سرکل میں دربار محب جہانیاں کا قبضہ واگزار کروایا گیا جس پر بعد میں چند گھنٹوں میں ہی دوبارہ قبضہ ہو گیا جس پر متعلقہ منیجر اور عملہ کی ناقص کارکردگی پر پیڈ ا کی کارروائی کیلئے لکھا گیا ہے اس بابت ضلعی انتظامیہ کی میٹنگ میں غیر حاضری پر جواب طلبی کی جس کا تاحال منیجر کی جانب سے جواب نہیں دیا گیا۔ مزید لکھا گیا کہ ٹھیکہ جات کے ٹارگٹ میں بھی ناکامی اور اس سے محفوظ رہنے کی خاطر زونل آفس کی مداخلت سے ٹھیکہ جات کا ٹارگٹ حاصل کیا گیا اس کے علاوہ سرکل کے سرکاری معاملات سے زونل آفس کو مکمل طور پر لاعلم رکھا جاتا ہے۔ اسی طرح کی دیگر نا اہلی کی وجہ سے محکمہ کو مالی و دیگر نقصانات پر زیڈ اے ڈی جی خان کی جانب سے رپورٹ سیکرٹری اوقاف پنجاب کو 2ماہ قبل تحریر کی گئی جس پر تاحال کسی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لا ئی جا سکی۔ سیکرٹری اوقاف پنجاب مبینہ طور پر سرکل مظفر گڑھ منیجر کریم نواز بھٹہ کی ناقص کارکردگی کے باوجود کارروائی کرنے سے گریزاں ہیں اور سفارشی کلچر کا خاتمہ کرنے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ اوقاف ترجمان شکور سے موقف لینے کی خاطر رابطہ نہ ہو سکا۔ منیجر سرکل مظفر گڑھ نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ زیڈ اے نے جو کارکردگی رپورٹ میرے لئے دی ہے ایسا ہی ہے، باقی سیکرٹری اوقاف میری برادری ہے میرے خلاف کچھ نہیں ہو گا۔
سیکرٹری اوقاف کی بے بسی، نااہل افسر منیجر عہدے پر برقرار


















