لاہور (اپنے نمائندے سے) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان نے ملک بھر میں ”محسنِ انسانیت کوئز مقابلوں“ کے انعقاد کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے کی افتتاحی تقریب اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے مرکزی ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوئی، جہاں ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان برادر صاحبزادہ وسیم حیدر نے مرکزی و صوبائی ذمہ داران کے ہمراہ اس قومی مہم کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برادر صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا کہ ”محسن انسانیت کوئز مقابلوں“ کا مقصد نوجوانوں میں سیرتِ طیبہ کے مطالعے کا ذوق بیدار کرنا، ان کی فکری و اخلاقی تربیت کرنا اور انہیں اسوہ حسنہ کو اپنی عملی زندگی میں اپنانے کی ترغیب دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآنِ مجید اور سیرتِ رسول اکرم سے وابستگی ہی مسلم نوجوانوں کی فکری، اخلاقی اور عملی ترقی کی مضبوط بنیاد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کوئز مقابلے سیرتِ نبوی پر مبنی ہوں گے اور ستمبر سے ملک کے مختلف بڑے شہروں میں مرحلہ وار منعقد کیے جائیں گے۔ مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے امیدوار کو 5 لاکھ روپے، دوسری پوزیشن پر 3 لاکھ روپے اور تیسری پوزیشن پر 2 لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا، جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ابتدائی 100 طلبہ کو خصوصی انعامات اور اعزازی اسناد سے بھی نوازا جائے گا۔ برادر صاحبزادہ وسیم حیدر نے مزید بتایا کہ مقابلوں میں شرکت کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز 20 جولائی سے کیا جائے گا، جہاں امیدواروں کو نصاب، امتحانی طریقہ کار، شیڈول اور دیگر ضروری معلومات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے ملک بھر کے تعلیمی اداروں، اساتذہ، طلبہ، والدین اور مختلف مکاتب فکر سے اپیل کی کہ وہ اس تعلیمی و فکری مہم میں بھرپور تعاون کریں تاکہ نئی نسل کو سیرتِ طیبہ کی روشنی میں اعلیٰ کردار، بہترین اخلاق اور خدمت انسانیت کے جذبے سے آراستہ کیا جا سکے۔
اسلامی جمعیت طلبہ کے زیراہتمام ”محسن انسانیت کوئز مقابلے“


















