لاہور:(نمائندہ خصوصی)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے ریکارڈ بارشوں اور مون سون کے متعدد اسپیلز کے باوجود پنڈی میں نکاسیِ آب کے لیے موثر اور بروقت اقدامات کیے ، بارش کے مختلف اسپیلز کے دوران پانی کی نکاسی کا عمل بارش رکنے کا انتظار کیے بغیر جاری رکھا گیا، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب سے لے کر واسا کے گراونڈ ورکرز تک پوری سرکاری مشینری فیلڈ میں متحرک رہی۔
شرجیل میمن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لاہور، گجرات اور راولپنڈی میں رواں سیزن تاریخ کی شدید ترین بارشوں کے باوجود پنجاب حکومت نے چند گھنٹوں میں پانی کلیئر کیا، پنجاب میں بارش رکنے یا پانی خود خشک ہونے کا انتظار نہیں کیا جاتا بلکہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر واسا اور انتظامیہ فوری طور پر فیلڈ میں متحرک ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پورے پنجاب میں واسا کا نظام مضبوط کرنے کے ساتھ تقریباً ایک ہزار نئی مشینری فراہم کی، جس کے نتائج ہر بارش میں واضح نظر آتے ہیں۔ میڈیا خود دیکھ رہا ہے کہ کون سی حکومت بارش کے دوران متحرک ہوتی ہے اور کون سی پانی دیکھ کر غائب ہو جاتی ہے، سندھ میں ہر سال بارشوں کے دوران کراچی میں کئی کئی دن پانی کھڑا رہتا ہے، مگر سترہ سال سے حکومت کرنے والے اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے بجائے دوسروں پر تنقید کرتے ہیں، میڈیا کو کوسنے کے بجائے اپنی کارکردگی پر توجہ دیں، کیونکہ سترہ سال بعد بھی اپنی نالائقیوں کا ملبہ دوسروں پر ڈالنے کی عادت نہیں گئی۔
راولپنڈی کی صورتحال کے حوالے سے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مون سون کا سلسلہ جاری ہے اور آنے والے دنوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔ حکومت نے اس حوالے سے مکمل تیاری کر رکھی ہے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جتنی بھی بارش آئے گی، پنجاب حکومت کی مشینری شہریوں کی سہولت کے لیے گراو¿نڈ پر موجود رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک عدالتی معاملے کے حوالے سے پنجاب حکومت نے نظرثانی کی اپیل دائر کی ہے اور حکومت کو اپنی گزارشات اور تحفظات معزز عدالت کے سامنے پیش کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔ عدالت کا فیصلہ آنے کے بعد اسے قانون کے مطابق تسلیم کیا جائے گا۔
سندھ حکومت کی نالائقیوں کا ملبہ دوسروں پر ڈالنے کی عادت نہیں گئی، عظمیٰ بخاری



















