ریسکیو 1122 کا ایمرجنسی رسپانس پلان پر عملدرآمد تیز

لاہور(مرزا ندیم بیگ )پنجاب میں مون سون بارشوں کے پیش نظر ریسکیو 1122 نے صوبہ بھر میں ایمرجنسی رسپانس پلان پر عملدرآمد تیز کر دیا ہے۔ دریاوں، برساتی نالوں اور نشیبی علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ضلعی ایمرجنسی دفاتر کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ ریسکیورز کی اضافی نفری، کشتیوں، واٹر ریسکیو آلات، ایمبولینسوں اور دیگر ضروری مشینری کو فیلڈ میں متحرک رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں،ذرائع کے مطابق مون سون ایمرجنسی پلان کے تحت ریسکیو 1122 نے حساس اضلاع میں خصوصی فلڈ ریسپانس ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ ان ٹیموں کو موٹر بوٹس، لائف جیکٹس، ریسکیو رسیوں، سرچ اینڈ ریسکیو آلات، ہائیڈرولک کٹرز، ڈی واٹرنگ پمپس، جنریٹرز اور دیگر جدید سامان سے لیس کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امدادی کارروائیاں یقینی بنائی جا سکیں،محکمانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ عرصے میں ریسکیو 1122 کے بیڑے میں نئی ایمبولینسیں، ریسکیو گاڑیاں، واٹر ریسکیو مشینری اور دیگر خصوصی آلات شامل کیے گئے ہیں جبکہ موجودہ مشینری کی مرمت اور مینٹیننس کا عمل بھی مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ مون سون کے دوران کسی قسم کی تکنیکی رکاوٹ پیش نہ آئے،دوسری جانب ریسکیو 1122 کے شہداءکے خاندانوں کی فلاح و بہبود کیلئے بھی متعدد اقدامات جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق شہداءکے اہل خانہ کو سرکاری مالی امداد، شہداءپیکیج، بچوں کی تعلیم میں معاونت، طبی سہولیات، نفسیاتی معاونت، قانونی رہنمائی اور دیگر ویلفیئر پروگراموں کے ذریعے سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ مختلف مواقع پر شہداءکے اہل خانہ کی مالی معاونت، تعلیمی وظائف اور یادگاری تقریبات کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے،ریسکیو حکام کے مطابق مون سون کے دوران شہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جن میں نشیبی علاقوں سے غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز، تیز بہاو¿ والے نالوں اور برساتی پانی میں داخل نہ ہونا، بجلی کی لٹکتی تاروں سے دور رہنا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 کی ہیلپ لائن پر رابطہ کرنا شامل ہے،ترجمان ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ محکمہ مون سون سیزن کے دوران ہر ممکن ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔ تمام اضلاع میں ریسکیورز، مشینری اور ایمرجنسی وسائل الرٹ ہیں جبکہ شہداءکے خاندانوں کی فلاح و بہبود بھی ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق جدید مشینری کی فراہمی، ریسکیورز کی تربیت اور ویلفیئر کیلئے احسن اقدامات کئے گئے ہیں۔