کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی سرگرمیاں ناقابل قبول ہیں،آزاد کشمیرحکومت


مظفر آباد:(مشرق نیوز) ترجمان آزاد کشمیر حکومت نے کہا ہے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی ریاست مخالف سرگرمیاں ناقابل قبول ،الیکشن وقت پر ہوں گے،احتجاج میں طلبہ کو شامل کرنے پر کچھ ہوا تو ذمہ دار کالعدم ایکشن کمیٹی ہوگی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے چودھری گفتار حسین نے کہاآزاد کشمیر و حکومت پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات، مفاہمت ،عوامی مسائل کے پرامن حل کو ترجیح دی، ریاست مخالف سرگرمیوں کے باعث عوامی ایکشن کمیٹی کو قانون کے مطابق کالعدم قرار دیا گیا،معاہدے کے تحت کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے 38 مطالبات وسیع تر عوامی مفاد میں منظور کیے گئے ،بعد ازاں کمیٹی بنیادی حقوق کے مطالبات سے ہٹ کر ریاست مخالف مقاصد کی جانب مائل ہوگئی۔

ترجمان آزاد کشمیر حکومت نے کہا36 روز سے جاری دھرنے کے باعث پونچھ ڈویژن میں خوراک، ادویات و دیگر ضروری اشیا کی ترسیل شدید متاثر ،شاہراہوں ،رابطہ سڑکوں کی بندش سے عوام کی آمدورفت معطل اور کئی علاقوں میں اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہوگئی،شاہراہیں بحال کرنے کی ہر کوشش کے دوران کالعدم کمیٹی کی جانب سے مزاحمت ،فائرنگ کا سامنا کرنا پڑا،کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی نے احتجاج اور لانگ مارچ میں طلبہ و طالبات کو یونیفارم میں شریک کرنے کی اپیل کی ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی تمام تر ذمہ داری کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی پر عائد ہوگی۔

چودھری گفتار نے کہاعام انتخابات مقررہ انتخابی شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے، کسی قسم کی تاخیر یا تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ،آزاد، شفاف اور پرامن انتخابات کےلئے تمام انتظامی و سکیورٹی تیاریاں مکمل ہیں، عوام اشتعال انگیز پروپیگنڈے، افواہوں اور تفرقہ انگیز بیانیے کو مسترد کریں، ریاست کا امن، استحکام ،قانون کی بالادستی ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے، آزاد کشمیر کے پرامن تشخص کو نقصان پہنچانے والی گمراہ کن مہمات سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے، حکومت و ریاستی ادارے ہر قیمت پر امن، قانون کی حکمرانی اور عوامی مفاد کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔