پاکستان پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملا ، 1947 سے اب تک کا سفر قابل فخر ہے،عظمیٰ بخاری


لاہور:(نمائندہ خصوصی) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے جشن آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں پوری قوم کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور اپنی جانب سے جشن آزادی کی مبارکباد پیش کی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا پاکستان پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملا ،ملک کے حصول کےلئے آباو اجداد نے بے شمار قربانیاں دیں، 1947 سے اب تک پاکستان نے جو سفر طے کیا ہے وہ انتہائی قابل قدر اور قابل فخر ہے،آج پاکستان کو ہر فورم پر عزت مل رہی ہے،دنیا میں ثالثی کی بات ہو، جنگ رکوانے کی بات ہو یا بڑے فیصلے کا معاملہ ہو، ہر جگہ پاکستان کا نام آتا ہے، پاکستان آج دنیا کے طاقتور ممالک کی صف میں کھڑا ہے، پاکستان کو آگے بڑھانے کےلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے ترقی کرنی ہے۔

وزیر اطلاعات ے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی کا پورا پاکستان معترف ہے،دعا ہے پنجاب کی طرح باقی صوبوں میں بھی ترقی ہو،پاکستان کے لوگ اسی طرح آگے بڑھیں، ترقی کریں اور ملک مزید خوشحالی کی جانب گامزن ہو۔