اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاک کینیڈا تعلقات میں نیا سنگ میل،دونوں ممالک نے تجارت سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کرلیا۔
وزیراعظم شہباز شریف،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار،وزیر داخلہ محسن نقوی سے کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند نے ملاقاتیں کیں،تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، توانائی ،آٹو انڈسٹری سمیت متعدد شعبوں میںتعاون بڑھانے پر اتفاق ،غیرقانونی امیگریشن ،انسانی سمگلنگ کےخلاف مشترکہ اقدامات تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
شہباز شریف ،کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، قابل تجدید توانائی ، آٹو انڈسٹری میں تعاون بڑھانے پر زور دیا،وزیراعظم نے کینیڈین ہم منصب مارک کارنی کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے علاقائی امن کےلئے پاکستانی کوششوں کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند نے کہاکینیڈا پاکستان کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو نئی جہت دینا چاہتا ہے، دونوں ممالک نے زراعت، کان کنی، توانائی ،آٹو پارٹس کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے، تجارت ،معدنیات کے شعبوں میں وفود کے تبادلے ،زرعی تجارت کے فروغ پر اتفاق کیا،پاکستانی نژاد کینیڈین کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان اہم پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔
محسن نقوی نے کہا پاکستان کینیڈا کےساتھ تعلقات کو تمام شعبوں میں فروغ دینا چاہتا ہے، کینیڈین وزیر خارجہ نے کہا دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کےلئے جامع فریم ورک مرتب کیا جانا چاہیے۔
دریں اثنا پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے تعلقات میں اہم سنگ میل ہے، دوطرفہ تعاون کو فروغ ملے گا،ملاقات کے دوران اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،پاکستان ،کینیڈا کے تعلقات تاریخی روابط پر استوار ،کینیڈا میں مقیم متحرک پاکستانی برادری دونوں ممالک کے تعلقات کا اہم ستون ہے،بات چیت سے مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع سامنے آئے، اقتصادی تعاون دونوں ممالک کی مشترکہ ترجیح ، کاروباری روابط کے فروغ پر خصوصی توجہ ، تعلیم، آئی ٹی اور زراعت میں کینیڈین تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا زراعت کے شعبے میں نئے معاہدے پر جلد وزیر اعظم ہاو¿س میں دستخط کیے جائیں گے، صلاحیت سازی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت ،معاہدے کی کامیاب تکمیل دونوں ممالک کیلئے سود مند ثابت ہوگی، معاہدہ کینیڈین کاروباری اداروں کیلئے ساز گار فریم ورک فراہم کرےگا۔
انیتا آنند نے کہا سال بعد کسی کینیڈین وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان تاریخی اہمیت کا حامل ، تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان کینیڈا کی تجارتی تنوع کی حکمت عملی میں اہم شراکت دار ہے، لاکھ سے زائد پاکستانی نژاد کینیڈین مضبوط پل کا کردار ادا کررہے ہیں، پاکستان کےساتھ شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق ہوا، مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششیں قابل ستائش ہیں، علاقائی کشیدگی کے حل کیلئے مکالمے اور سفارت کاری کی حمایت کرتے ہیں۔
کینیڈین وزیر خارجہ نے کہا تمام فریقین کو تحمل، بردباری اور شہریوں کے تحفظ کو ترجیح دینی چاہیے، کینیڈا ،پاکستان کے درمیان سرمایہ کاری کے تحفظ کے نئے معاہدے کو جلد مکمل کیا جائے گا،پاکستان کےساتھ زرعی تجارت کے فروغ میں دلچسپی رکھتے ، کینیڈین کینولا، چنے اور دالوں کی برآمدات بڑھانے کے خواہاں ، کینولا کی برآمدات میں اضافے کیلئے پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہیں،کینیڈا پاکستان کےلئے 22 لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کے نئے سکیورٹی اقدامات متعارف کرا رہا ہے، انٹرپول، اقوام متحدہ و دیگر شراکت دار اداروں کےساتھ ملکر عملدرآمد کیا جائے گا،نئے منصوبے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے ،مقامی آبادی کی استعداد بڑھانے میں مدد دیں گے،کینیڈا پاکستان کےلئے 45 ملین ڈالر مالیت کے 3نئے ترقیاتی منصوبے شروع کرے گا، مقصد پائیدار ترقی، موسمیاتی لچک اور مقامی کمیونٹیز کی بہتری کو فروغ دینا ہے۔
پاکستان، کینیڈا کاتجارت سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق


















