تہران:(مشرق نیوز)ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے خامنہ ای سمیت تمام شہدا کے خون کا بدلہ ضرور لیا جائے گا، ناحق بہائے گئے خون نے ایرانی قوم کو نئی زندگی دےدی۔
اپنے تحریری بیان میں مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ایران شہید سپریم لیڈر کے راستے پر ثابت قدم رہے گا ، جنگ میں شہید ہونے والے تمام افراد کے خون کا انتقام لیں گے،قوم کی خواہش ہر صورت پوری کریں گے،جرائم کے ذمہ دار افراد اپنی قبروں تک پرسکون موت مرنے کی نامکمل خواہش لےکر جائیں گے، ہم رہیں یا نہ رہیں، وعدہ ضرور پورا ہوگا اور جلد دنیا بھر کے آزاد انسان مشن کی تکمیل میں اپنا اپنا کردار ادا کریں گے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے کہاشہید رہنما نے حسینی طرز زندگی گزاری اور حسینی انداز میں شہادت پائی، نظریات و راستے کی ہر قیمت پر حفاظت کی جائے گی، دنیا کے آزاد لوگ بھی مشن کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کریں گے،تعزیتی تقریبات میں ایران ،عراق میں لاکھوں افراد کی تاریخی شرکت پر عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
دریں اثناعدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی نے کہا امریکہ ،اسرائیل نے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ،ذمہ داروں کےخلاف قانونی کارروائی کرنے اور سزا دلوانے کےلئے پرعزم ہیں، مجرموں کو نہ صرف سزا ملنی چاہئے بلکہ ہرجانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔
علاوہ ازیں نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ایران کےخلاف امریکی جارحیت کی حمایت پر متحدہ عرب امارات کا احتساب ہونا چاہئے،امریکی محکمہ تجارت کی دستاویز میں برآمدات پر کنٹرول کے ضوابط میں نرمی و امارات کا تجارتی درجہ بھی بڑھایا گیا، پالیسی میں تبدیلی ایران کےخلاف عسکری جارحیت کی حمایت کے بدلے میں کی گئی ۔
خامنہ ای سمیت تمام شہدا کے خون کا بدلہ ضرور لیا جائے گا،ایرانی سپریم لیڈر



















