7اگست سیاسی مزاحمت کا تاریخی دن، کراچی سے خیبر تک ملک جام ہوگا، نعیم الرحمن


لاہور:(اپنے نمائندے سے)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پٹرولیم لیوی ، حکومت کی ظالمانہ معاشی پالیسیوں، مہنگائی ،بے تحاشا ٹیکسوں کےخلاف 7 اگست کو ملک گیر احتجاج و سڑکیں جام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے احتجاج نکتہ آغاز ، ختم نہیں ہوگا، حکمران سدھر جائیں ورنہ عوامی طوفان گدی الٹ دے گا، حکومت نے اخراجات کم اور عوام کو ریلیف نہ دیا تواحتجاج کو غیر معینہ مدت کےلئے طویل بھی کیا جا سکتا ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا7اگست سیاسی مزاحمت کا تاریخی دن، کراچی سے خیبر تک ملک جام ہوگا، وکلا، اساتذہ، ڈاکٹرز، طلبہ ، مزدور سمیت زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد سڑکوں پر نکلیں گے،گولی و گالی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے ،پرامن سیاسی جدوجہد آئینی حق ہے، احتجاج کے دوران صرف ایمبولینسز کو گزرنے کی اجازت دی جائےگی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا حکومت نے کشمیر میں نفرتوں کے بیج بونا شروع کر دئیے ، طاقت، گولی اور خون بہا کر عوام کے دل نہیں جیتے جا سکتے،امن کےلئے جرگہ تشکیل دیا اور تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کیے تاکہ سیاسی و پرامن حل نکالا جا سکے لیکن بدقسمتی سے حکومت نے سنجیدگی نہیں دکھائی۔