اسلام آباد: (بیورورپورٹ) ایمان مزاری ،ہادی چٹھہ کی سزا معطلی اپیلوں پر سماعت کے دوران جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیئے سسٹم کو پورا ایکسپوز ہونے دیں، سسٹم سے کیس غائب ہو سکتا ہے، ہم نہیں، یہاں موجود ہیں۔
جسٹس نعیم اختر افغان کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے ایمان مزاری ،ہادی چٹھہ کی سزا معطلی اپیلوں پر سماعت کی، جسٹس نعیم اختر افغان نے استفسار کیا اسلام آباد ہائیکورٹ میں چھٹیاں کب تک ہیں؟،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہااسلام آباد ہائیکورٹ 6 ستمبر سے باضابطہ کام کا آغاز کرے گی، سزا معطلی کی اپیلیں قابل سماعت نہیں ،جسٹس اشتیاق ابراہیم نے استفسار کیا ناقابل سماعت ہونے کا قانون میں کہاں لکھا ہے؟۔
وکیل فیصل صدیقی نے کہا سپریم کورٹ نے 2 ہفتے میں سزا معطلی اپیلوں پر فیصلے کا حکم دیا تھا تاہم سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد نہیں کیا گیا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا اسلام آباد ہائیکورٹ کا اپنا سسٹم اسی کے مطابق مقدمات مقرر ہوتے ہیں،جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیئے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سسٹم پر کوئی رائے نہ ہی لیں تو بہتر ہے، فیصل صدیقی نے کہا اسلام آباد ہائیکورٹ میں اچانک 8 ستمبر کیلئے کیس مقرر ہوگیا جب بھی سپریم کورٹ فیصلہ کرنے لگتی ہائیکورٹ میں کیس مقرر ہوجاتا ہے،جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا فیصل صدیقی صاحب، سسٹم کو پورا ایکسپوز ہونے دیں، فیصل صدیقی نے کہا ابھی کاز لسٹ نہیں آئی ایسا نہ ہو سسٹم سے کیس غائب ہوجائے۔
جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیئے سسٹم سے کیس غائب ہوسکتا ہے، ہم نہیں، پریشان نہ ہوں، یہاں موجود ہیں، بشرط زندگی آئندہ بھی ہوں گے،جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دیئے سزا معطلی پر فیصلہ کرنے کا ہی کہا گیا ، عدالت درخواست خارج بھی کر سکتی ہے،جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیئے آئندہ سماعت پر یا تو فیصلہ کر رہے ہوں گے یا درخواست گزار کیس واپس لے رہے ہوں گے، عدالت نے مزید سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کر دی،دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایمان مزاری ،ہادی چٹھہ کی سزا معطلی درخواستیں 8 ستمبر کو سماعت کےلئے مقرر کر دیں،جسٹس اعظم خان درخواستوں پر سماعت کریں گے۔
ایمان مزاری کیس،سسٹم کو پورا ایکسپوز ہونے دیں، جسٹس نعیم اختر



















