لاہور، پشاور (مشرق نیوز) پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات بارے رپورٹ جاری کر دی گئی، حادثات میں اب تک مجموعی طور پر 43 افراد جاں بحق ہوچکے، جبکہ کئی گھر منہدم ہوگئے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں کے باعث 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، سیلابی ریلے میں بہنے یا پھنسے ہونے سے متعلق کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔
رواں سال مون سون کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 2، عمارات گرنے سے 15، کرنٹ لگنے سے 3 اور پانی میں ڈوبنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، مون سون بارشوں کے باعث 38 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے جبکہ ایک مویشی ہلاک ہوا۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق بارشوں کے باعث اربن و فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں مکانات کی چھتیں و دیواریں گرنے اور سیلابی ریلوں میں بہہ جانے کے حادثات رونما ہوئے جس میں 22 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 23 زخمی ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 9 مرد، 10 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 11 مرد، 5 خواتین، 7 بچے شامل ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے 37 گھر متاثر، 8 مکمل منہدم اور 29 کو جزوی نقصان پہنچا۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ حادثات پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، چترال لوئر میں پیش آئے، دیر لوئر اور اپر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، ٹانک، تورغر،کرم اور شمالی و جنوبی وزیرستان بھی متاثر ہوئے۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارشیں، 43 افراد جاں بحق، 177 زخمی، کئی گھر منہدم



















