محسن نقوی کا ایک اور دورہ تہران،امریکہ ،ایران امن معاہدے کے قریب پہنچ گئے،خواجہ آصف

اسلام آباد،تہران،واشنگٹن:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)امن مذاکرات کی بحالی کیلئے وزیر داخلہ محسن نقوی پھر ایران جاپہنچے۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے ایرانی قیادت سے ملاقاتوں میںکشیدگی کے خاتمے،بات چیت کی بحالی، آبنائے ہرمز کی صورتحال ودیگر اہم امورپر تبادلہ خیال کیا،ایرانی قیادت نے امن کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

ادھر وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا امریکہ ، ایران امن معاہدے کے قریب جاپہنچے،معاہدے یا مفاہمت کے امکانات بڑھ گئے ،2سے 3دن کے دوران ملنے والے اشارے بتاتے ہیں دونوں ممالک کسی امن معاہدے یا ڈیل کے قریب پہنچ چکے ،حالات ایک بار پھر امن معاہدے کے حق میں بنتے دکھائی دے رہے ہیں۔

دوسری جانب امریکی تھنک ٹینک سٹمسن سنٹر کی رپورٹ کے مطابق امریکہ ایران کشیدگی کے حل کےلئے دنیا کی نظریں پاکستان، قطر ، عمان پر مرکوز ہیں،اسلام آباد میمورنڈم پر دباو کے باوجود پاکستان امریکہ ایران کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے،پاکستان ،قطر نے امریکہ ایران کو جنگ بندی ،مذاکرات کی طرف واپس لانے کےلئے مشترکہ تجویز پیش کردی، ایرانی وزیر داخلہ کی حالیہ اسلام آباد آمد پاکستانی ثالثی پر تہران کے اعتماد کا مظہر ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا پاکستانی وزیر خارجہ کی جانب سے ایرانی ہم منصب کو اسلام آباد آنے کی دعوت دینا امن عمل جاری رکھنے کا واضح عزم ، پاکستان دونوں فریقوں کےلئے قابل اعتماد ثالث کی حیثیت سے امریکہ ایران رابطے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،واشنگٹن سے دفاعی روابط، تہران سے تاریخی تعلقات ،بیجنگ سے قربت پاکستان کو منفرد سفارتی حیثیت دیتے ہیں،پاکستان کی سفارتی طاقت محض ردعمل تک محدود نہیں۔