اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے ”را “سے منسلک پاکستان مخالف سوشل میڈیا پروپیگنڈا نیٹ ورک بے نقاب ،گمراہ کن پروپیگنڈا کرنےوالا ملزم گرفتار، تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں،کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے بھارت سے روابط کے ثبوت سامنے آگئے۔
اپنے ویڈیو بیان میں عطا تارڑ نے کہا سوشل میڈیا پر منظم انداز میں ایسی پوسٹس و مواد پھیلایا جاتا رہا جن کا مقصد عوام کو ریاستی اداروں کےخلاف اکسانا ،ملک میں بداعتمادی کی فضا پیدا کرنا تھا،کالعدم ایکشن کمیٹی سے وابستہ شرپسند عناصر کو اپنے طرزعمل پر پوری قوم کو جواب دینا ہوگا،کالعدم ایکشن کمیٹی کے رہنما واقعی کشمیر کے مفادات سے مخلص ہیں تو جمہوری عمل کا حصہ بنتے ہوئے انتخابات میں حصہ لینا چاہیے، اسلحے ،ڈنڈوں کے زور پر چلائی جانے والی کسی بھی تحریک کا کشمیر کاز سے کوئی تعلق نہیں ہوسکتا۔
وزیر اطلاعات نے کہا سکیورٹی فورسز نے ایسے شخص کو گرفتار کیا جو ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی آڑ میں پاکستان مخالف پروپیگنڈا مہم کا حصہ تھا،ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ملزم کو مواد بھارت فراہم کرتا رہا،زیادہ تر تعلق کالعدم ایکشن کمیٹی کے سوشل میڈیا مہم اور مخصوص بیانیے کو فروغ دینے سے تھا،قانون نافذ کرنے والے ادارے معاملے کی مختلف پہلووں سے تحقیقات کر رہے ہیں ،حقائق مکمل طور پر سامنے آنے کے بعد ذمہ دار عناصر کےخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
گمراہ کن پروپیگنڈا کرنےوالا گرفتار، تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں،عطا تارڑ



















