ایل ڈی اے کا غیرقانونی تعمیرات، کمرشل استعمال ، فیس نادہندگان کیخلاف تاریخی کریک ڈاون

لاہور (میاں ذیشان) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ڈائریکٹر جنرل طاہر فاروق کی قیادت میں رواں مالی سال کے دوران غیر قانونی تعمیرات، غیر قانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف تاریخ ساز کریک ڈاﺅن کرتے ہوئے شہر بھر میں قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کئے ہیں۔ غیر قانونی کمرشل املاک کے خلاف کارروائیوں میں 10 ہزار سے زائد عمارات کو سربمہر جبکہ 200 سے زائد املاک کو مسمار کر دیا گیا، رواں مالی سال کے دوران جرمانوں، بقایا کمرشلائزیشن فیسوں، ریگولرائزیشن چارجز اور دیگر واجبات کی مد میں 1 ارب روپے سے زائد کی رقم سرکاری خزانے میں جمع کروائی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ ٹاﺅن پلاننگ نے چیف ٹاﺅن پلانر اسد الزمان اور چیف ٹاﺅن پلانر ٹو اظہر علی کی نگرانی میں گلبرگ، جوہر ٹاﺅن، فیصل ٹاﺅن، ٹاﺅن شپ، سمن آباد، گلشن راوی، علامہ اقبال ٹاﺅن، سبزہ زار، شادمان، گجرپورہ، نیو مسلم ٹاﺅن، ماڈل ٹاﺅن ایکسٹینشن، مصطفی ٹاﺅن، نیسپاک سوسائٹی، ڈیفنس روڈ، کینال روڈ، رائے ونڈ روڈ، واپڈا ٹاﺅن، لاہور ایونیو، جوبلی ٹاﺅن، اعظم گارڈن، گورنمنٹ سپیریئر سروسز سکیم، او پی ایف سکیم، این ایف سی سوسائٹی اور دیگر علاقوں میں مسلسل آپریشنز کئے۔ ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 10ہزار سے زائد غیر قانونی کمرشل املاک، پلازے، دفاتر، نجی سکول، کالجز، ہسپتال، کلینکس، فارمیسیز، ریسٹورنٹس، فوڈ پوائنٹس، بیوٹی سیلونز، ورکشاپس، پراپرٹی آفسز، بینکس، شادی ہالز اور دیگر کاروباری مراکز کو سربمہر کیا گیا جبکہ 200 سے زائد غیر قانونی تعمیرات اور غیر منظور شدہ سٹرکچرز کو مسمار بھی کیا گیا۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی سخت نگرانی، مسلسل سیلنگ آپریشنز اور ریکوری مہم کے باعث بڑی تعداد میں پراپرٹی مالکان نے اپنی املاک کو قواعد و ضوابط کے مطابق ریگولرائز کرایا، کمرشلائزیشن فیسیں جمع کروائیں اور ضروری منظوریوں کے حصول کیلئے درخواستیں جمع کرائیں۔ ایل ڈی اے حکام کے مطابق کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف موثر ریکوری مہم کے نتیجے میں رواں مالی سال کے دوران جرمانوں، بقایا کمرشلائزیشن فیسوں، ریگولرائزیشن چارجز اور دیگر واجبات کی مد میں ایک ارب روپے سے زائد رقم سرکاری خزانے میں جمع کروائی جا چکی ہے، جو ادارے کی موثر حکمت عملی اور شفاف انتظامی اقدامات کا واضح ثبوت ہے۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے نہ صرف غیر قانونی تعمیرات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی بلکہ کمرشل عمارتوں میں فائر سیفٹی اقدامات، ایمرجنسی ایگزٹس اور حفاظتی ضوابط پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنانے کیلئے خصوصی مہم شروع کی، جس کے تحت متعدد کمرشل و ہائی رائز عمارتوں کا معائنہ کیا گیا۔ شہری منصوبہ بندی کے ماہرین کے مطابق ایل ڈی اے کی حالیہ کارروائیوں سے لاہور میں غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی، شہری نظم و ضبط میں بہتری، ٹریفک اور پارکنگ مسائل میں کمی، سرکاری ریونیو میں اضافہ اور ماسٹر پلان پر عملدرآمد کے اہداف کے حصول میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ شہری حلقوں نے بھی ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی قیادت میں جاری اس مہم کو شہر کی منظم ترقی، قانون کی بالادستی اور بہتر شہری ماحول کی فراہمی کیلئے ایک مثبت اور موثر اقدام قرار دیا ہے۔