اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سپر ٹیکس کے مکمل خاتمے کا عندیہ دیتے ہوئے کہاہے کہ ہر سال سپر ٹیکس کے خاتمے کی مزید کوشش کرتے رہیں گے، پاکستان جیسا منافع دنیا کے کسی ملک کی سٹاک مارکیٹ میں نہیں، آئندہ مالی سال میں مزید معاشی بہتری کی توقعات ہیں، پاکستان اور چین کے درمیان بی ٹو بی تعلقات میں روز بروز بہتری آ رہی ہے،امن معاہدہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے کی جانے والی سفارتی کوششوں کی کامیابی کا مظہر ہے۔ پیر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہماری سمت بڑی واضح ہے سپر ٹیکس کو ختم کرنا ہے، ہم ہر سال سپر ٹیکس کے خاتمے کی مزید کوشش کرتے رہیں گے۔ قبل ازیںپاکستان سٹاک ایکسچینج میں تقریب سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ نے کہا کہ وزیرِ اعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اعتماد اور بھروسے کے ساتھ ساتھ مصالحتی عمل میں مسلسل، مخلصانہ اور انتھک کاوشیں کیں اور اس عمل کو کامیاب انجام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ گزشتہ تین ماہ کے دوران پاکستان نے اس تنازع کے فوری معاشی اثرات کا موثر انداز میں مقابلہ کیا اور اس بات پر اعتماد ظاہر کیا کہ یہ معاہدہ ممکنہ ثانوی اور ثالثی معاشی اثرات کے حوالے سے پائی جانے والی تشویش میں بھی کمی لائے گا۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کو مکمل طور پر معمول پر آنے میں کچھ وقت لگے گا تاہم معاہدے نے معاشی سرگرمیوں کے امکانات کو بہتر بنایا ہے اور آئندہ مالی سال کے لیے حوصلہ افزا معاشی مواقع پیدا کیے ہیں۔وزیرخزانہ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کی انتظامیہ اور بورڈ کو شاندار کارکردگی پر مبارک باد دی ۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری ملک کی معاشی سمت پر اعتماد میں اضافے کی عکاس ہے۔
پاکستان جیسا منافع کسی ملک میں نہیں، سپر ٹیکس کے مکمل خا تمہ کرینگے، وزیر خزانہ


















