اچھا وقت قریب،ایران سے سستا تیل و گیس خریدنے پر غور شروع کردیا،علی پرویز ملک


لاہور:(کامرس رپورٹر)حکومت نے ایران سے سستا تیل وگیس خریدنے پر غور شروع کردیا۔

وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ایران سے سستا تیل و گیس خریدنے پر غور کر رہے ہیں، عوام کو پٹرولیم قیمتوں پر عالمی منڈی سے زیادہ فائدہ دیا،مجموعی طور پر130 ارب کی سبسڈی دی گئی، عالمی مارکیٹ میں قیمت جیسے ہی 76 ڈالر کی سطح پر آئے گی عوام کو ریلیف دیں گے،ایران گیس پائپ لائن منصوبہ پیرس کی عدالت میں ہے، کیس کی پیروی کررہے ہیں، ایرانی بھائیوں سے ملکر معاملات حل کریں گے، خطے میں امن ہوگیا،ایرانی صدر نے معاہدہ کرانے میں شاندار کردار ادا کیا۔

علی پرویز ملک نے کہا پٹرول وڈیزل کی قیمتیں ابھی جنگ سے پہلے والی سطح پرنہیں آئیں،وزیراعظم نے واضح کیا ہر فیصلہ میرٹ پر ہوگا، اپنے موقف پرقائم ہوں،تمام حقائق سوشل میڈیا پررکھ چکا ہوں،کچھ عناصر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں، عالمی سطح پر کیے گئے معاہدوں پر رہتے ہوئے آگے چلیں گے،اچھا وقت قریب ہے ۔

وزیر پٹرولیم نے کہا محرم کا پہلا عشرہ بخیریت گزر گیا، امن و امان کیلئے پاک فوج، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کو سراہتے ہیں،پاک فوج ،تمام اداروں نے ملکر بہترین کام کیا ،خدا کا شکر ادا کرتے ہیں تمام کام بہترین انداز سے ہو گئے۔