کراچی (بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور مذاکرات کے ذریعے پائیدار امن کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا امریکہ اور ایران کے درمیان یہ معاہدہ سفارتکاری، مذاکرات اور باہمی اعتماد کی بحالی کی سمت ایک مثبت اور حوصلہ افزا قدم ہے، جو نہ صرف متعلقہ ممالک بلکہ پورے خطے میں استحکام اور امن کے امکانات کو مضبوط کرے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ مثبت پیش رفت اس عمل میں شامل تمام فریقین کی مدبرانہ قیادت، سیاسی بصیرت اور امن کے لیے سنجیدہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کے مطابق موجودہ عالمی اور علاقائی صورتحال میں تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی ذرائع اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔تاہم یہ معاہدہ مستقبل میں خطے میں مزید اعتماد سازی، اقتصادی تعاون اور امن کے فروغ کے لیے نئی راہیں ہموار کرے گا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کی حمایت کی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بھی علاقائی استحکام اور امن کے فروغ کے لیے ان کی مسلسل حمایت پر سراہا اور کہا کہ پاکستان کی ریاستی قیادت نے ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کی۔
امریکہ، ایران معاہدہ خطے میں استحکام اور امن کے امکانات کو مضبوط کرےگا، بلاول بھٹو



















