گلگت (بیورو رپورٹ) گلگت بلتستان (جی بی) اسمبلی میں پیپلزپارٹی، ن لیگ اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے درمیان اتحاد ہوگیا، تینوں پارٹیوں کی حمایت سے سپیکر اور ڈپٹی پیکر بلامقابلہ منتخب ہوگئے۔ پیپلزپارٹی کے عمران ندیم (بائیں) بلامقابلہ نئے سپیکر جی بی اسمبلی منتخب ہوگئے جب کہ ن لیگ کے کفایت الرحمان ایڈووکیٹ (دائیں) بلامقابلہ ڈپٹی سپیکر منتخب ہوئے۔ ایم ڈبلیو ایم اور پی ٹی آئی حمایت یافتہ امیدواروں نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخابی عمل میں حصہ نہیں لیا۔پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے درمیان گلگت بلتستان میں حکومت سازی پر اتفاق ہوگیا۔سابق اسپیکر نذیر احمد نے نومنتخب سپیکر عمران ندیم سے عہدے کا حلف لیا، حلف برداری کے بعد سابق سپیکر نے نشست نئے سپیکر کے سپرد کردی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جی بی کے وزیراعلیٰ کا انتخاب بھی بلامقابلہ ہونےکا امکان ہے۔خیال رہے کہ ن لیگ کے بعد استحکام پاکستان پارٹی نے بھی گلگت بلتستان میں حکومت سازی میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا۔اس سے قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور گلگت بلتستان میں مل کر حکومت بنانے کی دعوت دی۔استحکام پاکستان پارٹی کے مطابق عبدالعلیم خان نے بلاول بھٹو زرداری کی پیشکش قبول کرلی۔صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو سے خوشگوار اور مثبت بات چیت ہوئی ہے،گلگت بلتستان میں وزیراعلیٰ اور سپیکر کے انتخاب کے لیے ساتھ دیں گے، وزیراعلیٰ، اسپیکر اور دیگر عہدوں پربھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے۔
پیپلز پارٹی، ن لیگ اور آئی پی پی میں اتحاد، سپیکر، ڈپٹی سپیکر گلگت بلا مقابلا منتخب



















