عراق نے پاکستانی زائرین کےلئے نئی و سخت ویزا شرائط عائد کردیں


بغداد:(مشرق نیوز)عراق میںزائد قیام پر جرمانہ، بے دخلی ،تاحیات داخلہ بند،پاکستانی زائرین کےلئے نئی و سخت ویزا شرائط جاری کردی گئیں۔

وزارت داخلہ و عراقی حکام نے زائرین ، زیارت گروپ آرگنائزرز کو نئے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کردی،عراقی حکومت نے واضح کیا فیملی ویزا پر اکیلے سفر کرنے والے کسی بھی فرد کو عراق کی حدود میں داخلے کی اجازت نہیں ملے گی، 50 سال سے کم عمر اکیلے مرد زائرین کے داخلے پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔

نئی پالیسی کے تحت عاشورہ ،اربعین کےلئے ایک ہی ویزا استعمال نہیں کیا جا سکے گا، زیارات کےلئے جاری ہونے والا عراقی ویزا صرف 30 دن کےلئے کارآمد ہوگا، ویزا مسترد ہونے یا ائیرپورٹ پر انٹری نہ ملنے کی صورت میں ویزا فیس کسی صورت واپس نہیں ہوگی، پاکستان سے جانے والے زائرین کے پاسپورٹ عراق پہنچنے پر امیگریشن حکام کی تحویل میں رہیں گے۔

اپنے بیان میں عراقی حکومت نے خبردار کیاویزا کی معیاد سے زائد قیام کی صورت میں زائرین کو بھاری جرمانے، ملک بدری اور تاحیات داخلے پر پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔