لاہور،مظفر آباد،اسلام آباد،کراچی:(نمائندہ خصوصی،سپیشل رپورٹر،بیورورپورٹ)آزاد کشمیر انتخابات کے معاملے پرن لیگ،پی پی میں ٹھن گئی،ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری میں شدت،تنقید کے نشتر چلا دئیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے بیان میں الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا دھاندلی کی باریک واردات کی ماسٹر مائند پیپلز پارٹی دھاندلی کا رونا رو رہی ہے، قیامت کتنے بجے ہے؟۔
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بلاول بھٹو زرداری کو پنجاب کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا خود آ کر صوبے میں ہونے والی ترقی کا مشاہدہ کریں، جنوبی پنجاب سمیت پورے صوبے میں ترقیاتی منصوبے حکومتی کارکردگی کا ثبوت ہیں،آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج عوام کا فیصلہ ہیں، لوگوں نے (ن) لیگ کی کارکردگی کا انتخاب کیا،الزام تراشی کی بجائے اپنی کارکردگی عوام کے سامنے پیش کی جائے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا آزاد کشمیر کے عوام نے ووٹ کے ذریعے اپنا فیصلہ سنا دیا اور ن لیگ کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا، انتخابی نتائج کو کھلے دل سے تسلیم ،جمہوری عمل کا احترام کرنا چاہئے،بعض سیاسی جماعتوں کا رویہ غیر جمہوری ،پی پی رہنماﺅں کے بیانات افسوسناک ہیں،ن لیگی قیادت نے انتخابی مہم کے دوران سیاسی تلخی سے گریز کیا اور عوام نے میرپور ڈویژن میں پنجاب کی ترقیاتی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے ووٹ دیا۔
دوسری جانب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہانسل در نسل دھاندلی کی پیداوار کو آزاد کشمیر میں دھاندلی نہیں کرنے دینگے،ن لیگ والے ہمیشہ دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آتے ہیں،چوری شدہ ایک ایک سیٹ واپس دلاوں گا،جلسہ دیکھ کر لگتا 2 اگست کو تیر کی جیت پکی ہے، 3نسلوں سے کشمیر کی جدوجہد عالمی سطح پر اٹھا رہے ہیں۔
مظفرآباد میں پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہان لیگ کا پہلا وزیراعلیٰ پنجاب دھاندلی ،وزیراعظم آر او الیکشن کی وجہ سے بنا، پیپلز پارٹی دھاندلی کے باوجود اقتدار میں آتی ہے، مظفرآباد میں رہنے والے آپ کی سازش کو ناکام بنادیں گے،چوری شدہ الیکشن ہرگز تسلیم نہیں،کشمیر کے عوام سے وعدہ کرتا ہوں آپ کی چوری شدہ ایک ایک سیٹ واپس دلاو¿ں گا، پیپلزپارٹی کشمیر کے عوام کو حق ملکیت دلوانا چاہتی ہے، میں حقوق بندوق کے زور پر نہیں،الیکشن جیت کر دلواﺅں گا۔
ادھر پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے آزاد کشمیر انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ووٹ جلانے سمیت متعدد بے ضابطگیوں کی ویڈیوز موجود ہیں،الیکشن کمیشن نے کوئی نوٹس نہیں لیا،پیش کیے گئے شواہد کا فوری جائزہ لیا جائے، چیف جسٹس آزاد کشمیر مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں کا ازخود نوٹس لیں۔
دریں اثنا پی پی رہنماﺅں سید حسن مرتضی، شہزاد سعید چیمہ،رانا جواد،احسن رضوی اور میاں ایوب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا آزاد کشمیر میں دن دیہاڑے دیدہ دلیری سے انتخابی ڈکیتی کی گئی ،مثال نہیں ملتی،میر پور میں آزاد کشمیرالیکشن کمیشن کا کردار سی سی ڈی والا تھا،وہی فیصلہ کرتا تھا کسی کوہاف فرائی اور کسی کو فل فرائی کر دو، پیپلز پارٹی کو رونے کا کہنے والوں کو شرم آنی چاہیے، کیسے مان لیں آپ پنجاب میں مہاجرین کی نشستوں پر شفافیت دکھائیں گے؟۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا آپ نہیں فارم 47 کا نشہ بول رہا ہے،قیامت 2024 میں آگئی تھی، 2024 میں خیرات کے مینڈیٹ بٹے۔
آزاد کشمیر انتخابات کے معاملے پرن لیگ،پی پی میں ٹھن گئی،ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری میں شدت


















