واشنگٹن (مشرق نیوز) فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں بیلجیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان امریکہ کو 1-4 سے شکست دیکر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا جبکہ امریکہ ایونٹ سے باہر ہوگیا۔
واشنگٹن میں کھیلے گئے اس اہم ناک آوٹ مقابلے میں بیلجیم نے آغاز ہی سے جارحانہ انداز اپنایا اور امریکی دفاع پر مسلسل دباو برقرار رکھا، بیلجیم کے فارورڈ چارلس ڈی کیٹیلیئر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول سکور کئے جبکہ ہنس واناکن اور رومیلو لوکاکو نے ایک، ایک گول کرکے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ امریکی ٹیم نے میچ میں واپسی کی کوشش کی اور ایک گول سکور کرنے میں کامیاب رہی، تاہم بیلجیم کے مضبوط دفاع اور موثر حملوں کے سامنے وہ زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی۔
دوسری طرف ڈیلاس میں ہوئے پری کوارٹر فائنل میچ میں سپین نے پرتگال کو 0-1 سے شکست دیکر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ سپین کی جانب سے فیصلہ کن گول میکائیل میرینو نے 90 ویں منٹ میں کیا۔ یوں سپین نے پرتگال کو 0-1 سے شکست دیکر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا اور اس کے ساتھ ہی کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب ایک بار پھر ادھورا رہ گیا۔ کوارٹر فائنل میں سپین کا مقابلہ بیلجیئم سے ہوگا۔
فٹ بال ورلڈکپ، پرتگال اور امریکہ کو بھی شکست، بیلجیم ، سپین کوارٹر فائنل میں


















