لاہور (نعیم جاوید) حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پندرہ روزہ نظرثانی کے بجائے روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کی مجوزہ پالیسی پر عوام، پٹرول پمپ مالکان، ٹرانسپورٹرز اور تاجر برادری نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں کئے گئے سروے کے مطابق شہریوں کی اکثریت کا کہنا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک پہنچایا جائے تو یہ ایک مثبت اقدام ہوگا، تاہم روزانہ قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی میں مزید اضافہ اور عوامی مشکلات بڑھنے کا خدشہ ہے۔ سروے میں شہری اسلم نے کہا کہ روزانہ قیمتوں میں ردوبدل سے گھریلو بجٹ متاثر ہوگا اور عام آدمی غیر یقینی صورتحال کا شکار رہے گا۔ گھریلو خاتون شازیہ بی بی کا کہنا تھا کہ پٹرول مہنگا ہونے سے صرف ایندھن ہی نہیں بلکہ اشیائے خورونوش، ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروریات زندگی بھی مہنگی ہو جاتی ہیں، اس لیے حکومت کو عوامی ریلیف کو ترجیح دینی چاہیے۔ رکشہ ڈرائیور محمد عرفان نے کہا کہ روزانہ قیمتیں تبدیل ہونے سے کرایوں کے تعین میں مشکلات پیش آئیں گی، جبکہ نجی ملازم فیصل محمود نے مطالبہ کیا کہ قیمتوں میں کمی کا فائدہ اسی دن عوام تک منتقل کیا جائے پٹرول پمپ مالکان نے بھی مجوزہ پالیسی پر تحفظات کا اظہار کیا۔ پٹرول پمپ مالک حاجی محمد اکرم نے کہا کہ روزانہ قیمتیں تبدیل ہونے سے سٹاک مینجمنٹ، حساب کتاب اور کمپیوٹرائزڈ نظام کو روزانہ اپ ڈیٹ کرنا پڑے گا، جس سے انتظامی مشکلات بڑھیں گی۔ ملک جاوید اقبال نے کہا کہ اگر پہلے سے خریدے گئے اسٹاک کی قیمت اچانک کم ہو گئی تو پمپ مالکان کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ٹرانسپورٹرز کا کہنا تھا کہ روزانہ قیمتوں کی تبدیلی سے کرایوں کا تعین مشکل ہو جائے گا۔ ویگن ڈرائیور محمد اکرم نے کہا کہ ایندھن کی قیمت میں معمولی ردوبدل بھی ٹرانسپورٹ کے اخراجات پر اثر انداز ہوتا ہے، اسلئے قیمتوں میں استحکام ضروری ہے۔ آن لائن ٹیکسی ڈرائیور رانا آصف نے کہا کہ روزانہ نرخ بدلنے سے آمدنی اور اخراجات کا توازن برقرار رکھنا مشکل ہوگا۔تاجر برادری نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل ردوبدل سے اشیائے خورونوش، صنعتی خام مال اور ترسیل کے اخراجات متاثر ہوں گے، جس کے اثرات براہ راست صارفین تک پہنچیں گے۔ تاجروں نے مطالبہ کیا کہ حکومت قیمتوں کے تعین کا شفاف نظام متعارف کرائے اور اگر عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوں تو اس کا پورا فائدہ عوام کو دیا جائے ۔ بیشتر شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنایا جائے، قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جائے اور ٹرانسپورٹ کرایوں سمیت روزمرہ استعمال کی اشیاءکی قیمتوں پر بھی مو¿ثر نگرانی کی جائے تاکہ عام آدمی کو حقیقی ریلیف مل سکے۔
پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں روزانہ ردوبدل سے مشکلات بڑھ جائیں گی :شہری



















