فیروزوالہ ،بند ٹوٹنے سے ایک گھر کے 3بچے پانی میں ڈوب کر جاں بحق


شیخوپورہ،فیروزوالہ: (نمائندگان)ضلع شیخوپورہ کے علاقے فیروزوالہ میں بند ٹوٹنے سے ایک گھر کے 3بچے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔

افسوسناک واقعہ پٹھان کالونی فیروزوالہ میں نالہ بھیڑ کا بند ٹوٹنے سے پیش آیا،تینوں بچے نہاتے ہوئے گہرے پانی میں ڈوب گئے،اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے ،بچوں کو پانی سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کردی،جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت دانیال، نعمان اور برہان کے ناموں سے ہوئی۔

علاقے میں کہرام مچ گیا ،اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں، اہل علاقہ نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا نالوں ،بندوں کی بروقت مرمت و حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں المناک واقعات سے بچا جا سکے۔