لاہور (مشرق نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ غیر محفوظ خوراک کا سدباب ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، تحقیقی ادارے، نجی شعبے، سول سوسائٹی محفوظ، مضبوط اور صحت افروز غذائی نظام کی تشکیل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
تحفظ خوراک کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تحفظ خوراک کے عالمی دن پر محفوظ اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، زراعت اور غذائی نظام و ترسیل سے وابستہ ہر فرد تحفظ خوراک کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن بذریعہ خوراک ممکنہ بیماریوں اور خطرات کی روک تھام، ان کی بروقت نشاندہی اور مو¿ثر انتظام کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریوں، اموات اور صحت عامہ پر ان کے اثرات کے عالمی، علاقائی اور قومی تخمینہ کی جامع رپورٹ بھی شائع کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر محفوظ خوراک سے پیدا کردہ بیماری اور غذائی قلت کا سدباب ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، پنجاب زرخیز زمین، محنتی کسان اور زرعی صلاحیتوں و وسائل سے مالا مال ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، پانی کی قلت، آبادی میں اضافہ، خوراک کے بدلتے رجحانات جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، ان مسائل کے حل کے لئے مربوط اور متقاضی حکمتِ عملی پر کام جاری ہے، پنجاب حکومت زرعی پیداوار بڑھانے اور موسمیاتی اثرات کی کمی کے لئے زرعی تحقیق اور ٹیکنالوجی پر مبنی جامع اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ تحقیقی اداروں، نجی شعبے، سول سوسائٹی سے اپیل ہے کہ محفوظ، مضبوط اور صحت افروز غذائی نظام کی تشکیل کیلئے اپنا کردار ادا کریں، عوام کو کیمیکلز، ملاوٹ اور غیر معیاری اشیائ سے پاک، خالص اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے ویڑن کی روشنی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی صوبہ بھر میں معیاری خوراک کی فراہمی اور ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت ترین کریک ڈاو¿ن کر رہی ہے، خوراک کے ضیاع کو روکنے کیلئے شادیوں اور دیگر تقریبات میں ون ڈش کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ چھوٹے دکانداروں اور ریڑھی بانوں کی سطح پر خوراک کے معیار کو بہتر بنانے اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل کرانے کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔ مریم نوازنے مزید کہا کہ عوام الناس، بالخصوص بچوں اور نوجوانوں کو جنک فوڈ کی بجائے متوازن اور صحت بخش غذا کے استعمال کی ترغیب دی جا رہی ہے۔
غیر محفوظ خوراک کا سدباب مشترکہ ذمہ داری ہے: وزیراعلیٰ پنجاب


















