کوئٹہ: تیزاب گردی کا شکار ڈاکٹر ماہ نور ناصر علاج کیلئے کراچی منتقل

کوئٹہ (مشرق نیوز) تیزاب گردی کا شکار ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو علاج کیلئے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سول ہسپتال کے جنرل سرجری وارڈ کے لفٹ آپریٹر ہمایوں شاہ نے ڈاکٹر ماہ نور پر تیزاب پھینکا، تیزاب گردی کے واقعے میں ڈاکٹر ماہ نور اور وارڈ بوائے عبدالرزاق زخمی ہوگئے، ہلاک ملزم ہمایوں شاہ کا تعلق ضلع نوشکی سے تھا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ واقعہ کی مختلف پہلووں سے تحقیقات جاری ہیں، ہلاک ملزم کا موبائل فون فرانزک کیلئے بھجوا دیا گیا ہے جبکہ فرانزک شواہد کی روشنی میں تحقیقات کو مزید آگے بڑھایا جائیگا۔ حکومت بلوچستان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ماہ نور کو علاج و معالجے کیلئے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے، متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کی صحت سے متعلق صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ تیزاب گردی کے افسوسناک واقعہ میں ملوث ملزم اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے، قانون کی عملداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، خواتین کے خلاف تشدد اور جرائم میں ملوث عناصر کیلئے بلوچستان میں کوئی جگہ نہیں۔ صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ سیکرٹری صحت بلوچستان، ایم ایس اور سکیورٹی انچارج سول ہسپتال کو برطرف کیا جائے۔

ڈاکٹر حئی بلوچ کا کہنا ہے کہ تیزاب گردی واقعہ کے خلاف ایمرجنسی سروسز کے علاوہ تمام طبی خدمات کا بائیکاٹ جاری رہیگا، واقعہ کیخلاف آج سہ پہر12بجے سول ہسپتال کوئٹہ سے پر امن ریلی نکالی جائیگی۔