ملک سے بیرونی دہشتگردی کاہر قیمت پر خاتمہ کریں گے،وزیراعظم

کراچی:(بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کے آہنی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان دنیا میں امن کا علمبردار،امریکہ،ایران میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط پرخلوص ثالثی کوششوں کانتیجہ،ایرانی صدر کا دورہ برادرانہ تعلقات اور پاکستان کے اہم کردار کا اعتراف تھا، اہم سمندری گزرگاہوں پر بلارکاوٹ آزادانہ نقل وحرکت عالمی معیشت کیلئے ناگزیر ،مئی کی جنگ میں شرمناک شکست کے بعد بھارت پاکستان امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کےلئے خفیہ کارروائیوں اور پراکسی عناصر کا سہارا لے رہا ہے،بیرونی دہشتگردی کاہر قیمت پر خاتمہ کریں گے۔

پاکستان نیول اکیڈمی میں پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاپوری قوم بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ،پاکستان تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کےلئے امن، بات چیت ،سفارتکاری کی پالیسی پر عمل پیرا ، امریکہ ،ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت میں دوست ممالک کا تعاون قابل قدر رہا،قیام امن کیلئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شب و روز انتھک محنت کی، پاکستان دنیا میں امن کے علمبردار کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔

شہبازشریف نے کہا عالمی تجارت کیلئے اہم سمندری گزرگاہوں پر بلارکاوٹ آزادانہ نقل وحرکت عالمی معیشت کیلئے ناگزیر ہے، سمندری راستوں پر آزاد انہ ،بلا روک ٹوک نقل و حرکت کا حق اب آسائش نہیں پوری دنیا کیلئے ناگزیر ضرورت بن چکی ،حالیہ علاقائی صورتحال نے ثابت کر دیا بحری سلامتی عالمی معیشت ،بین الاقوامی تجارتی راستوں کیلئے کتنی اہم ہے، پاک بحریہ کو مزید مضبوط، موثر ، جدید دفاعی فورس بنانے کےلئے پرعزم ،بحریہ ملکی سمندری سرحدوں کے دفاع، قومی سلامتی اور خطے میں امن و استحکام کےلئے ہمیشہ موثر کردار ادا کرتی رہے گی۔

قبل ازیں تقریب میں آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے وزیراعظم کا استقبال کیا ،شہبازشریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، وزیراعظم نے پریڈ کا معائنہ ، اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں اعزازات تقسیم کیے،پاس آﺅٹ ہونے والے کیڈٹس میں پاکستان کے برادر و دوست ممالک بحرین، عراق ، جبوتی کے مڈشپ مین بھی شامل ہیں۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے بجٹ کے ذریعے عوام، تنخواہ دار طبقے ، تاجر برادری کو ریلیف فراہم کرنے پر حکومتی معاشی ٹیم کی کارکردگی کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی، فنانس سیکرٹری اور چیئرمین ایف بی آر کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا۔

شہباز شریف نے کہا حکومت نے عام شہریوں کےلئے آسانیاں پیدا کرنے کےلئے دن رات کام کیا،معاشی استحکام کے ثمرات جلد معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچیں گے،حکومتی معاشی ٹیم نے مسلسل تعاون و رہنمائی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم کا اعادہ کیا معاشی بحالی اور پائیدار ترقی کےلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔