نورا فتیحی کا فٹ بال شائقین کیلئے نیا گانا ”چیمپئنز“ ریلیز

ٹورنٹو (مشرق نیوز) اداکارہ، گلوکارہ اور ڈانسر نورا فتیحی نے فٹ بال کے مداحوں کیلئے اپنا نیا گانا ”دی وکٹری اینتھم: چیمپئنز“ جاری کردیا ہے جس میں کھیل کے جوش، جذبے اور کامیابی کے لمحات کو موسیقی کے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

نورا فتیحی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاونٹ کے ذریعے نئے گانے کی ریلیز کا اعلان کیا، جس کے بعد گانے کی میوزک ویڈیو بھی مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئی۔ ویڈیو میں نورا فتیحی فٹ بال جرسی پہنے شائقین کے درمیان پرجوش انداز میں رقص کرتی دکھائی دیتی ہیں، جبکہ اس میں فٹ بال کے جنون اور کھیل کے ماحول کو نمایاں کیا گیا ہے۔

گانے کی ریلیز کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے نورا فتیحی کی نئی پیشکش کو خوب سراہا جا رہا ہے۔ صارفین نے اسے فٹ بال کے شائقین کیلئے ایک توانائی سے بھرپور تحفہ قرار دیتے ہوئے گلوکارہ کے انداز کی تعریف کی ہے۔

چیمپئنز کی ریلیز ایسے وقت میں ہوئی ہے جب نورا فتیحی کو ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں بنگلہ دیشی نژاد امریکی موسیقار، ڈی جے اور پروڈیوسر سنجوئے دیب کے ساتھ پیش کئے گئے آفیشل گانے ”سیئر سیئر“ کے بعد عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی تھی۔

نورا فتیحی اور سنجوئے دیب نے ایک بار پھر مشترکہ طور پر اس نئے ترانے کے ذریعے موسیقی کے میدان میں اپنی شراکت جاری رکھی ہے۔ دونوں فنکاروں کی جوڑی کو پہلے بھی عالمی سطح کے میوزک پراجیکٹس میں پسند کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ نورا فتحی فٹ بال سے خصوصی دلچسپی رکھتی ہیں اور ماضی میں بھی فٹ بال ورلڈ کپ کے دوران اپنے آبائی ملک مراکش کی بھرپور حمایت کرتی رہی ہیں۔