ممبئی (مشرق نیوز) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے میں ویسٹ انڈیز کو آج پر اعتماد زمبابوے کا چیلنج درپیش ہوگا، دونوں ہی ٹیمیں اب تک ایونٹ میں ناقابل شکست ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز نے مسلسل چار فتوحات کے ساتھ عالمی کرکٹ میں بھرپور واپسی کی ہے۔
کپتان شائے ہوپ دو نصف سنچریز کی مدد سے 155 رنز کے ساتھ نمایاں ہیں جبکہ شمرون ہٹمائر (134) اور شرفین ردرفورڈ (126) نے مڈل ارڈر میں پاور ہٹنگ کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔ دونوں کا ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار رہا ہے۔
اس کے علاوہ آل راونڈر جیسن ہولڈر اب تک 7 اور روماریو شیفرڈ 6 وکٹیں اڑا کر اپنی ٹیم کیلئے کافی کارآمد رہے ہیں۔ ویسٹ انڈین ٹیم سپر ایٹ میں بھی فاتحانہ آغاز کیلئے اپنے ہارڈ ہٹرز سے کافی پرامید ہے۔ دوسری جانب سکندر رضا کی زیرقیادت زمبابوے نے ابتدائی مرحلے میں آسٹریلیا اور سری لنکا جیسے مضبوط حریفوں کو مات دیکرسب کو متاثر کیا ہے۔
22 سالہ برائن بینیٹ دو نصف سنچریز کی مدد سے 175 رنز کے ساتھ ٹیم کے نمایاں بیٹر ہیں۔ تاہم دونوں ٹیموں کے درمیان ایک بڑا فرق ہارڈ ہٹنگ کا ہے۔ زمبابوے نے پورے ٹورنامنٹ میں صرف 8 چھکے لگائے ہیں جبکہ ویسٹ انڈین ٹیم چار میچز میں اب تک 36 چھکے جڑچکی ہے۔
ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم کی وکٹ ویسٹ انڈیز کی طاقتور بیٹنگ کیلئے سازگار خیال کی جارہی ہے تاہم زمبابوے کے فاسٹ بولر بلیسنگ مزاربانی اور براڈ ایونز کیریبیئن بیٹرز کے قدم اکھاڑنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ دونوں نے اب تک ٹورنامنٹ میں بالترتیب 9 اور 8 وکٹیں اپنے نام کی ہیں۔
ٹی 20 ورلڈکپ، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کی ٹیمیں آج ممبئی میں ٹکرائیں گی



















