لاہور، اسلام آباد (مشرق نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں مون سون کے نئے سپیل نے انٹری دے دی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی سمیت دیگر مقامات پر بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقوں لکشمی چوک میں 15.2 ، اپر مال 0.8، مغلپورہ 7.8، تاجپورہ 4.4، چوک ناخدا 13.2 ، پانی والا تالاب میں 19.6 ، فرخ آباد 1، سگیاں 0.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، کم سے کم درجہ حرارت 27 اور زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد، راولپنڈی، وزیرآباد، پھالیہ، مریدکے، گوجرانوالہ، خانپور اور ہری پور سمیت دیگر شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، کالی گھٹاوں کا راج ہونے سے گرمی کی شدت میں بھی کمی آئی ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں 5 اگست تک وقفے وقفے سے بادل برسنے کے امکانات ہیں، بارشوں کے باعث دریاو¿ں میں پانی کے بہاو میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے نئے سلسلے سے لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں فلیش فلڈنگ اور لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ ہے، 31 جولائی سے 2 اگست کے دوران سندھ میں بھی مزید مون سون بارشیں متوقع ہیں۔
لاہور سمیت جڑواں شہروں میں بادل برس پڑے



















