بھارتی فلمی ستاروں نے طلبہ کے احتجاج کو تاریخی کامیابی قرار دیدیا

ممبئی (مشرق نیوز) بالی ووڈ کی متعدد نامور شخصیات نے احتجاج کے بعد وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے مستعفی ہونے پر جشن میں حصہ لیتے ہوئے طلبہ کو مبارکباد دی ہے۔ عالیہ بھٹ، پریانکا چوپڑا، ایشان کھٹر، شبانہ اعظمی، سوناکشی سنہا، زویا اختر، ادیتی راو حیدری اور دیگر فنکاروں نے سوشل میڈیا پر طلبہ کی تحریک کو سراہتے ہوئے اسے نوجوانوں اور جمہوریت کی کامیابی قرار دیا ہے۔

عالیہ بھٹ نے انسٹاگرام اسٹوری پر مختصر مگر معنی خیز ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ”جین زی نے آواز اٹھائی، پھر سب نے دیکھ لیا کہ اس کے بعد کیا ہوا“۔ اداکارہ اس سے قبل بھی احتجاج کرنے والے طلبہ کی حمایت کر چکی ہیں اور کہہ چکی ہیں کہ نوجوان صرف اپنی نہیں بلکہ ان تمام لوگوں کی نمائندگی کر رہے ہیں جو ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ابراہیم علی خان نے وزیر تعلیم کے استعفے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ”خوشی ہوئی کہ ہماری آواز سنی گئی، بس کام ہو گیا۔“ انہوں نے ایک اور پوسٹ میں ”جمہوریت، جین زی اینڈ دی یوتھ آف انڈیا“ بھی لکھ کر نوجوانوں اور جمہوری عمل کو خراج تحسین پیش کیا۔

سارہ علی خان نے صرف ایک لفظ ”جمہوریت“ کے ساتھ اپنی حمایت کا اظہار کیا، جس کے ساتھ دل کا ایموجی بھی ڈالا۔ فلمساز زویا اختر نے وزیر تعلیم کے استعفے سے متعلق ایک صحافی کی پوسٹ پر تالیاں بجانے والے ایموجیز کے ذریعے ردعمل دیا، جبکہ بعد میں اپنی اسٹوری پر لکھا کہ ”کتنا بہترین ریمائنڈر تھا یہ، صرف جین زی“۔

ایشان کھٹر نے اپنے ہاتھ میں ’انقلاب زندہ باد‘ کا پلے کارڈ تھامے تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ”آج بھارت جیتا اور جمہوریت جیتی۔“ انہوں نے طلبہ کی اجتماعی جدوجہد اور ہمدردی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بھارت پر فخر ہے جس میں وہ بڑے ہوئے۔

سوناکشی سنہا نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ کان پکڑ کر اٹھک بیٹھک کرتی نظر آئیں اور مزاحیہ انداز میں خود کو درست کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مطلب تھا کہ انہیں نوجوانوں پر فخر ہے۔ اداکارہ نے ساتھ ہی لکھا کہ ”میلینئل سٹھیا گئی ہے، 25 جولائی 2026 ایک یادگار دن رہے گا۔“