اپریل 2027 تک ڈبلیو ایچ او میچورٹی لیول 3 حاصل کر لیں گے: وفاقی وزیر صحت

اسلام آباد (مشرق نیوز) وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال سے عالمی ادارہ صحت کے پاکستان میں نمائندے نے ملاقات کی جس میں ڈریپ کیلئے ڈبلیو ایچ او میچورٹی لیول 3 کے حصول کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات کے دوران ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات کے لیے مصطفیٰ کمال کی قیادت اور عزم کو سراہا، وفاقی کابینہ کی جانب سے پاکستان کی پہلی قومی ویکسین پالیسی کی منظوری کو ملک کے صحت کے شعبے کیلئے تاریخی اقدام قرار دیا۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان کیلئے ڈبلیو ایچ او میچورٹی لیول 3 کے حصول کی کوششوں میں عالمی ادارہ صحت کی تکنیکی معاونت قابل تحسین ہے۔ مصطفی کمال نے بتایا کہ آئندہ چند روز میں تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں ڈبلیو ایچ او میچورٹی لیول 3 کے حصول کیلئے ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا جائیگا اور وفاق و صوبوں کے درمیان موثر ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنایا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپریل 2027 تک ڈبلیو ایچ او میچورٹی لیول 3 کا درجہ حاصل کر لے گا جس سے ملک کی دواساز صنعت کو عالمی سطح پر مزید پذیرائی ملے گی۔ وفاقی وزیر صحت کے مطابق اس کامیابی سے پاکستان کو تقریباً 160 ممالک کی فارماسیوٹیکل منڈیوں تک رسائی آسان ہوگی، جبکہ دواساز برآمدات اور عالمی مسابقتی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔