لاہور (مشرق نیوز) پاکستان کی فیشن انڈسٹری کی ایک معروف سابق ماڈل سحرش کی موجودہ حالت نے سوشل میڈیا صارفین کو افسردہ کر دیا۔ رپورٹس کے مطابق سحرش 2010 کی دہائی کے آغاز اور وسط میں پاکستان کی نمایاں ماڈلز میں شمار ہوتی تھیں تاہم ان کی نجی زندگی میں پیش آنے والے تلخ واقعات نے ان کی زندگی کا رخ بدل دیا۔
بتایا جاتا ہے کہ شادی ناکام ہونے کے بعد وہ شدید ذہنی دباو کا شکار ہوئیں جس کے بعد انہوں نے منشیات کا استعمال شروع کر دیا، اسی دوران انہوں نے ایک قبل از وقت پیدا ہونے والے بیٹے کو جنم دیا جسے بعد میں ان سے الگ کر دیا گیا، رپورٹس کے مطابق سحرش کا اپنے بیٹے سے کوئی رابطہ نہیں، جبکہ ان کے سابق شوہر بھی بچے سے ملاقات کی اجازت نہیں دیتے۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حال ہی میں پیش آنے والے ایک حادثے میں ان کا پاو¿ں ٹرین کے نیچے آ گیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئیں اور اب انہیں چلنے پھرنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ نجی نیوز پلیٹ فارم کی جانب سے سحرش کی موجودہ حالت پر مبنی رپورٹ اور ویڈیو سامنے آنے کے بعد ان کی زندگی کی یہ دردناک کہانی سوشل میڈیا پر تیزی سے زیر بحث آ گئی، رپورٹ میں انہیں انتہائی مشکل حالات میں دکھایا گیا جس پر صارفین نے افسوس اور تشویش کا اظہار کیا۔
سوشل میڈیا پر متعدد افراد نے ان کی بحالی کیلئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا، بعض صارفین کا کہنا تھا کہ سحرش کو فوری طور پر منشیات سے نجات کیلئے بحالی مرکز (ری ہیب) منتقل کیا جانا چاہیے جبکہ کچھ نے اسے شوبز انڈسٹری کی تلخ حقیقت قرار دیا، کئی صارفین نے یہ بھی رائے دی کہ منشیات کا استعمال ترک کئے بغیر معمول کی زندگی میں واپسی ممکن نہیں۔
سابق ماڈل کی اس افسوسناک صورتحال نے ایک بار پھر شوبز انڈسٹری میں ذہنی صحت، منشیات کے استعمال اور فنکاروں کی فلاح و بہبود سے متعلق سنجیدہ سوالات کو اجاگر کر دیا ہے۔
معروف سابق ماڈل سحرش کی موجودہ حالت نے سب کو چونکا دیا



















