اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے قومی اہمیت کے تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔
شہبازشریف سے وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے ملاقات کی ،ملک بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت منصوبوں کی پیشرفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو ترقیاتی منصوبوں پر ہونےوالی پیشرفت ،مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی قومی اہمیت کے تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کےساتھ مکمل کیا جائے،عوامی فلاح و بہبود، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور پائیدار معاشی ترقی کے حصول کےلئے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ترجیح ہے،تمام متعلقہ وزارتیں ،ادارے باہمی تعاون ،موثر رابطے کے ذریعے منصوبوں پر عمل درآمد کی رفتار مزید تیز کریں تاکہ عوام کو جلد از جلد ثمرات پہنچ سکیں۔
دریں اثنا پاکستان ریلویز ٹرانسفارمیشن پلان پر پیشرفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے ریلوے کے ترقیاتی منصوبوں کو اعلیٰ معیار ،مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاجدید و موثر ریلوے نظام ملکی معیشت، تجارت ،علاقائی روابط کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرےگا۔
قومی اہمیت کے تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے، وزیراعظم



















