بڑا اپ سیٹ، برازیل فٹ ورلڈکپ سے باہر، انگلینڈ بھی کوارٹر فائنل میںپہنچ گیا

نیوجرسی، میکسیکو (مشرق نیوز) فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں ناروے نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 بار کی عالمی چیمپئن برازیل کو 1-2 سے شکست دیکر ایونٹ سے باہر کر دیا اور پہلی بار کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ امریکی ریاست نیو جرسی میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا تاہم ناروے کے سٹار سٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ نے فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہوئے دونوں گول سکور کئے۔

برازیل کی جانب سے واحد گول میچ کے اختتامی لمحات میں نیمار جونیئر نے پنالٹی کک پر سکور کیا تاہم یہ گول ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکا۔ اس تاریخی کامیابی کے ساتھ ناروے نے پہلی مرتبہ فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی جبکہ 5 بار کی عالمی چیمپئن برازیل کا میگا ایونٹ میں سفر اختتام پذیر ہوگیا۔

دوسری طرف انگلینڈ نے میکسیکو کیخلاف ازٹیکا سٹیڈیم میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنسنی خیز فتح اپنے نام کرلی اور ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ شدید بارش اور طوفان کے باعث میچ ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا تاہم تھامس ٹوچل کی ٹیم نے پراعتماد انداز اپنایا۔ کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کا مقابلہ ناروے سے ہوگا جہاں شائقین ہیری کین اور ایرلنگ ہالینڈ کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھ سکیں گے۔