بلوچستان میں آپریشن شعبان،5روز میں79دہشتگرد جہنم واصل

اسلام آباد،کوئٹہ،کرک:(بیورورپورٹ)منگی ڈیم حملے کے بعد بلوچستان میں آپریشن شعبان،سکیورٹی فورسز نے 5روز میں 79دہشتگرد وں کو جہنم واصل کردیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق منگی ڈیم پولیس سٹیشن پر حملے کے بعد پاک فوج ، ایف سی ،بلوچستان پولیس نے دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں فتنہ الخوارج کےخلاف گھیرا مزید تنگ کردیا،فورسز نے آپریشن شعبان میں 24گھنٹے کے دوران مزید 17 خارجی جہنم واصل کر دیئے ،5جولائی سے جاری مختلف آپریشنز میں مجموعی طور پر 79 امن دشمنوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جا چکا،امن دشمنوں کا مکمل صفایا کرنے کیلئے کارروائیاں پوری شدت سے جاری رہیں گی۔

دریں اثنا صدر،وزیراعظم نے آپریشن شعبان کی کامیابی پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا 79 دہشتگردوں کو ہلاک کرنا اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ، خضدار میں پولیس سٹیشن پر دہشتگردوں کا حملہ پسپا کیا گیا،پاک فوج ،ایف سی کے دستوں کی کارروائی کو سراہتے ہیں، فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسزکے عزم میں کوئی کمی نہیں آئے گی،ملک سے دہشتگردی کو جڑسے اکھاڑ پھینکیں گے، بلوچستان کے امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش ناکام بنا ئینگے،پوری قوم بہادر افواج اور پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہازہری پولیس سٹیشن پردہشتگرد حملہ بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا گیا، بلوچستان میں ریاستی رٹ ہر قیمت پر قائم رکھی جائے گی، دہشتگردوں کےلئے بلوچستان کی سرزمین تنگ کر دی گئی،خوارج منطقی انجام سے بچ نہیں سکتے۔

دوسری جانب کرک ،کوہاٹ پولیس نے خٹک ڈیم، کرک کوہاٹ بارڈر کے علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، دہشتگردوں نے فائرنگ کر دی،شدید فائرنگ کے تبادلے میں کمانڈر زاہد گروپ کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے،ڈی پی او کرک نے کہاہلاک ہونے والے دہشتگرد پولیس افسروں و جوانوں کی شہادت میں ملوث تھے، دہشتگردی کے خاتمے اور شرپسند عناصر کےخلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔