پاک چین شراکت داری مضبوط ،بزنس ٹو بزنس تعاون سے دوستی مستحکم ہوگی،شہباز

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاک چین معاشی شراکت داری مضبوط ،بزنس ٹو بزنس تعاون سے دوستی مزید مستحکم ہوگی۔

شہبازشریف سے چینی معروف کمپنی فیمسن کے چیف ایگزیکٹو افسر جیک چین کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، پاکستان میں غذائی تحفظ، جدید زرعی ٹیکنالوجی ،فوڈ سٹوریج کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے چینی وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا پاکستان ،چین مثالی دوست ، معاشی شراکت داری ،دوستانہ تعلقات وقت کےساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں،بزنس ٹو بزنس تعاون سے دوستی مزید مستحکم ہوگی،فیمسن کی جانب سے پاکستان میں اجناس کے سٹوریج مراکز کو جدید سٹیٹ آف دی آرٹ مراکز میں تبدیل کرنے کے منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہیں،زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی متعارف ، غذائی تحفظ میں بہتری ،تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

شہبازشریف نے ہدایت کی منصوبوں میں پاکستان کی افرادی قوت کی ہنرمندی ،پیشہ ورانہ تربیت کو بھی شامل کیا جائے تاکہ مقامی افرادی قوت جدید زرعی ٹیکنالوجی سے مستفید ہو سکے،فیمسن کے چیف ایگزیکٹو جیک چین نے پرتپاک میزبانی پر وزیراعظم ،حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاوزیراعظم کے حالیہ دور چین کے دوران ہونے والی ملاقات کے نتیجے میں وہ پاکستان آئے تاکہ غذائی تحفظ کے قابل عمل منصوبوں کو آگے بڑھایا جا سکے۔

دریں اثنا اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے تیزی سے بڑھتی آبادی کو ملک کےلئے سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا آبادی میں توازن ہی پائیدار قومی ترقی کی ضمانت ہے،بڑھتی آبادی پر قابو پانے کےلئے اقدامات و بہبود آبادی کو قومی فریضہ سمجھا جانا چاہیے، آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی، معاشی استحکام و انسانی وسائل کی بہتری سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے،صوبوں کےساتھ روابط اور ہم آہنگی کو مزید بہتر بنایا جائے،بڑھتی آبادی پر قابو پانے کے موثر عوامی آگہی مہم کا کلیدی کردار ہے۔