اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاک بحریہ کے تعاون پر مبنی بحری سکیورٹی ، سفارتکاری کے عزم کی عکاسی کرتے ہوئے ایڈمرل نوید اشرف نے ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا اور رائل ملائیشین نیوی کی قیادت سے ملاقات کی۔
دورے کا آغاز رائل ملائیشین نیوی ہیڈ کوارٹرز سے ہوا، رائل ملائیشین نیوی کے سربراہ ایڈمرل تان سری (ڈاکٹر) ذوالحلمی بن اثنین نے ایڈ مرل نوید اشرف کا استقبال کیا،گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا،دونوں سربراہان نے تیزی سے بدلتے پیچیدہ بحری ماحول میں تزویراتی نقطہ نظر کو ہم آہنگ کرنے پر تبادلہ خیال ،آپریشنل تعاون بڑھانے، استعداد کار میں اضافے اور ابھرتے میری ٹائم سکیورٹی چیلنجز کےخلاف مربوط ردعمل پر اتفاق کیا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پیٹرولز اور کمبائنڈ میری ٹائم فورسز میں مسلسل شرکت کے ذریعے علاقائی استحکام کےلئے پاک بحریہ کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے اعادہ کیا پاکستان ذمہ دار بحری ریاست کے طور پر خطے کی سلامتی کےلئے اپنا فعال کردار جاری رکھے گا۔
پاک بحریہ کے سربراہ نے ملائیشیا کے نیشنل ہائیڈروگرافک سینٹر کا بھی دورہ کیا،سینٹر کی تکنیکی صلاحیتوں ، بحری سلامتی میں کردار پر بریفنگ دی گئی، ایڈمرل نوید اشرف نے ہائیڈروگرافی کو موثر بحری آپریشنز کی بنیاد قرار دیتے ہوئے ملائیشیا کے نیشنل ہائیڈروگرافک سینٹر ،پاکستان کے نیشنل ہائیڈروگرافک آفس (NHO) کے درمیان ادارہ جاتی روابط، بالخصوص پیشہ ورانہ تربیت ، ڈیٹا کے تبادلے میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ترجمان نے کہا مشترکہ اقدار ، دیرینہ دوستی پر مبنی پاکستان ،ملائیشیا کے بحری تعلقات عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق مسلسل مستحکم ہو رہے ہیں، پاک بحریہ کے سربراہ کا دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان مربوط تعاون پر مبنی ،مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ شراکت داری کی جانب اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
پاکستان ملائیشیا کا بحری تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق



















