کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز پروگرام طبی شعبہ میں انقلابی تبدیلی لائیگا:کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ )کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ ہیلتھ ڈیٹا اور کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز پروگرام صحت کے شعبے میں انقلابی تبدیلی لائیگا۔ حکومت پنجاب کا ہیلتھ ڈیٹا کی تیاری اور کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز پروگرام صحت عامہ کے نظام کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم اور انقلابی اقدام ہے جس سے بیماریوں کی بروقت تشخیص، موثر تدارک اور عوام کو بنیادی صحت سہولیات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔انہوں نے ڈویژن بھر میں ہیلتھ ڈیٹا رجسٹریشن اور کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ذریعے آبادی کی کوریج 47 فیصد رہ گئی ہے، جبکہ باقی 53 فیصد آبادی کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز تعینات کیے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد طاہر چوہدری موجود تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اور ضلع پاکپتن اور اوکاڑہ کے متعلقہ افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ساہیوال ڈویژن میں مجموعی طور پر 1101 کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز تعینات کئے جا رہے ہیں جن میں ضلع اوکاڑہ کیلئے 450، ساہیوال کیلئے 329 اور پاکپتن کیلئے 322 انسپکٹرز شامل ہیں۔ یہ عملہ گھر گھر جا کر ہیلتھ ڈیٹا رجسٹر کرے گا، متعدی و غیر متعدی بیماریوں کی سکریننگ، غذائی جائزوں، تپ دق کی نشاندہی، زچہ و بچہ کی نگہداشت، حفاظتی ٹیکوں سے متعلق آگاہی اور خاندانی منصوبہ بندی سمیت بنیادی صحت خدمات فراہم کرے گا۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز صحت سے متعلق جامع ڈیٹا اکٹھا کرنے کے ساتھ ساتھ بیماریوں کی نگرانی، عوامی آگاہی اور بروقت ریفرل کے ذریعے صحت کے نظام کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ سٹاف کی موثر مانیٹرنگ، روزانہ جائزہ اجلاسوں اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے منصوبے کے اہداف بروقت حاصل کیے جائیں تاکہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔